اسلام آباد (این این آئی)میگا منی لانڈرنگ ،جعلی اکائونٹس کیس میں ایک اور ملزم وعدہ معاف گواہ بن گیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سید حسین فیصل جاموٹ میگامنی لانڈرنگ کیس میں نیب کا گواہ بن گیا ۔
کرن امان ، نورین سلطان، اسلم مسعود پہلے ہی نیب کے گواہ بن چکے ہیں ،نیب نے سید حسین فیصل جاموٹ کے وعدہ معاف گواہ بننے سے متعلق رپورٹ احتساب عدالت میں پیش کر دی ،میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری، فریال تالپور، عبد الغنی مجید سمیت دیگر ملزمان نامزد ہیں۔سید حسین فیصل جاموٹ اومنی گروپ کے ڈائریکٹر ہیں۔دریں اثناپاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما لطیف کھوسہ نے کہاہے کہ نیب کے کیسز کا ابھی تک کوئی سر پیر نہیں نکلا ،ملزمان پر فرد جرم تب ہی عائد ہو سکتی ہے جب نیب حتمی ریفرنس دائر کرے ۔بدھ کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ نیب کے کیسز کا ابھی تک کوئی سر پیر نہیں نکلا ،نیب نے ابھی صرف عبوری ریفرنس دائر کیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ملزمان پر فرد جرم تب ہی عائد ہو سکتی ہے جب نیب حتمی ریفرنس دائر کرے ۔ انہوںتے کہاکہ نہیں لگتا کہ نیب کیسز میں سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پلی بارگینگ کا لالچ دیا جا رہا ہے، انتقامی کارووائیاں کی جا رہی ہے ،نیب کی جانب سے پولیٹیکل انجینئرنگ اور توڑ جوڑ کرنا زیادتی ہے ۔