راولپنڈی (این این آئی) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہاہے کہ انتشار ملک کے مفاد میں نہیں،جمہوری مسائل جمہوری طورپر ہی حل ہونے چاہئیں، فوج ایک غیرجانبدارادارہ ہے،ہماری سپورٹ جمہوری طورپرمنتخب حکومت کیساتھ ہوتی ہے،فوج نے الیکشن میں آئینی اور قانونی ذمہ داری پوری کی، اپوزیشن اپنے تحفظات متعلقہ اداروں میں لیکر جائے، سڑکوں پر الزام تراشی نہیں ہونی چاہیے،
ملکی امن کوکسی صورت نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ جمعہ کو پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان سینئرسیاستدان ہیں،وہ بتادیں وہ کس ادارے کی بات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فوج ایک غیرجانبدارادارہ ہے،ہماری سپورٹ جمہوری طورپرمنتخب حکومت کیساتھ ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ فوج نے الیکشن میں آئینی اورقانونی ذمہ داری پوری کی،اپوزیشن اپنے تحفظات متعلقہ اداروں میں لیکرجائے۔ انہوں نے کہاکہ سڑکوں پرآ کرالزام تراشی نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ ایک سال گزرگیااب بھی اپوزیشن متعلقہ اداروں میں جاسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے گزشتہ20سال میں بہت مشکل وقت گزارا ہے،پاکستانی قوم اورافواج نے دہشت گردی کامقابلہ کیا،جان ومال کی قربانی دیکرملک میں امن قائم کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے جارحیت کی تومنہ توڑجواب دیاگیا،ایل اوسی پربھی معصوم کشمیریوں کوشہیدکیاجارہاہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہاکہ مشرقی اورمغربی سرحدپرفوج مصروف عمل ہے،مقبوضہ کشمیرمیں بھی بھارتی بربریت اورظلم جاری ہے،کے پی کے عوام نے بھی دہشت گردی کامقابلہ کیا۔انہوں نے کہاکہ کے پی کے عوام کواب فلاح وبہبودکی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ انتشارملک کے مفادمیں نہیں۔انہوں نے کہاکہ جمہوری مسائل جمہوری طورپرہی حل ہونے چاہئیں،حکومتی اوراپوزیشن کمیٹیاں بہترکوآرڈینیشن کیساتھ چل رہی ہیں،امیدکرتے ہیں معاملات بہتراندازمیں آگے چلیں۔انہوں نے کہاکہ ملکی امن کوکسی صورت نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائیگی،کسی کوبھی کسی صورت ملکی استحکام خراب کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔