اسلام آباد (این این آئی)برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان میں مصروفیات کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں،شاہی جوڑا پانچ روزہ دورے کے دوران نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے پروگراموں میں بھی شرکت کرے گا۔اکتوبر14 سے 18 تک پاکستان میں قیام کرنے والے شاہی مہمان ماحولیاتی تبدیلیوں پر پاکستانی عوام کے رد عمل کا بھی جائزہ لیں گے۔برطانوی مہمانوں کو پاکستان میں ماضی اورآج کے چیلنجز اورمواقعوں کے بارے میں بھی آگاہی دی جائے گی۔
شہزادہ ولیم اورشہزادی کیٹ میڈلٹن حکومتی رہنماوں، کاروباری اورخیراتی شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔شاہی جوڑے کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا اور وہ پانچ دن یہاں گزاریں گے۔دورے سے قبل برطانوی انسداد دہشت گردی سیل کے تربیت یافتہ ماہر بھی پاکستان آئیں گے،ماہرین اپنے دورے کے دوران برٹش ہائی کمیشن میں قیام کریں گے جبکہ پاکستان میں سیکیورٹی افسران اور وزارت داخلہ کے اعلی حکام سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔