اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے افغانستان میں سیاسی حل کیلئے افغان حکومت اور عوام کی قیادت میں امن عمل کیلئے پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرادی ہے۔ جمعہ کو وزیراعظم عمران خان اور افغان صدر اشرف غنی نے جمعہ کو یہاں 14ویں اسلامی سربراہ کانفرنس کے موقع پر ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے بیان کے مطابق ملاقات کے دوران پاک افغان دوطرفہ تعلقات، افغان مفاہمتی عمل اور خطہ
کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے پرامن اور پائیدار افغانستان کے حوالہ سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور افغانستان میں سیاسی حل کیلئے افغان حکومت اور عوام کی قیادت میں امن عمل کیلئے پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ صدر اشرف غنی کا اگلا دورہ پاکستان سیاسی، سیکورٹی، اقتصادی اور پاک۔افغان تعلقات کے تمام پہلوؤں پر مزید توجہ مرکوز کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔