واشنگٹن (آن لائن) عید الفطر کے بعد وزیراعظم عمران خان امریکہ کا اہم دورہ کرینگے۔ امریکی انتظامیہ نے وزیراعظم عمران خان کے دورے کی تیاریاں شروع کردیں۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ وزیراعظم عمران خان کو امریکہ کے دورے کیلئے 19 اور 20 جون کو مدعو کرنے کے خواہشمند ہیں اور اس حوالے سے امریکی انتظامیہ نے ضروری اقدامات شروع کردیئے ہیں۔
مجوزہ دورے کو حتمی شکل دینے کیلئے امریکہ کے افغانستان کیلئے مفاہمتی عمل کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد چند روز میں پاکستان کا دورہ کریں گے اور وزیراعظم عمران خان کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے دورے کی دعوت دینگے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اس ا ہم دورہ میں امریکہ طالبان مذاکرات، پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی سمیت ایران کے ساتھ کشیدگی کے امور بھی زیر بحث آئیں گے۔ واضح رہے کہ امریکہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کو کامیاب بنانے کیلئے پہلے ہی پاکستان کی اہمیت کا اعتراف کرچکاہے جبکہ خطے میں پائیدار امن کیلئے امریکی انتظامیہ پاک افغان تعلقات میں مضبوطی کی خواہاں ہے۔ مزید برآں ایران کے ساتھ پیدا ہونیوالی حالیہ کشیدگی میں بھی امریکہ پاکستان سے تعاون مانگ سکتا ہے۔ ذمہ دار ذرائع کے مطابق اس اہم ترین دورے سے متعلق حکومت پاکستان کو غیر رسمی طور پر آگاہ کردیا گیا ہے اور پاکستان کی وزارت خارجہ اس حوالے سے ہوم ورک میں مصروف ہے تاہم دورے کی باضابطہ دعوت زلمے خلیل زاد پاکستان آکر دینگے۔ ذرائع کے مطابق امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ وزیراعظم عمران خان کو امریکہ کے دورے کیلئے 19 اور 20 جون کو مدعو کرنے کے خواہشمند ہیں اور اس حوالے سے امریکی انتظامیہ نے ضروری اقدامات شروع کردیئے ہیں۔