اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر مشاہد اللہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت مخالف تحریک کا اصولی فیصلہ ہو گیا ہے جس کا اعلان مشترکہ اپوزیشن کرے گی۔ایک انٹرویومیں مشاہد اللہ خان نے کہاہے کہ کپتان کی حکومت کو آئینی طریقے سے ہٹایا جائے گا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کی حکومت اسی سال گر جائے گی اور نیا وزیر اعظم ن لیگ سے ہوگا۔
مریم نواز کو بلاول کی جانب سے افطار پارٹی کی دعوت کے سوال پر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ مریم نواز کے علاوہ اور بھی 16 نائب صدور ہیں تاہم ان کی مقبولیت سب سے زیادہ ہے۔چیئرمین نیب کے شریف خاندان کی ڈیل کے حوالے سے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے مشاہد اللہ خان نے کہا کہ تمام الزامات لغو ہیں، وہ بتاتے کہ کس نے پیشکش کی، قانونی چارہ جوئی کے حوالے سے فیصلہ کریں گے۔