اسلام آباد (آئی این پی) نیب کو ایڈن ہاﺅسنگ اسکینڈل میں مطلوب سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے داماد مرتضیٰ امجد دبئی سے برطانیہ فرار ہو گئے، ملزم کو کچھ روزکےلئے دبئی میں گرفتار کیاگیا تاہم بروقت پاکستان نہ لانے کے باعث ملزم کو رہائی ملی اور وہ برطانیہ پہنچ گیا،انٹرپول نے پاکستان کو مرتضیٰ امجد کے فرار ہونے سے متعلق آگاہ کردیا۔ذرائع کے مطابق نیب لاہور کی درخواست پر انٹرپول نے ایڈن ہاﺅسنگ اسکینڈل کے
مرکزی ملزم مرتضیٰ امجد کی بیرون ملک سے گرفتاری کےلئے ریڈ وارنٹ جاری کئے تھے، ملزم کو ریڈ وارنٹ کے اجراءکے بعد دبئی میں کچھ روز کےلئے زیر حراست رکھا گیا،تاہم ملزم کو پاکستان لانے میں حائل قانونی پیچیدگیوں کے باعث دبئی حکام نے اسے چھوڑ دیا، جس پر ملزم موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دبئی سے فرار ہوکر برطانیہ پہنچ گیا۔ ذرائع کے مطابق انٹرپول نے پاکستان کو تحریری طور پر آگاہ کیا ہے کہ ملزم دبئی سے برطانیہ پہنچ گیا ہے۔