اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ماہ رمضان کا آغاز اگلے ہفتے سے ہونے جارہا ہے ۔دنیا بھر کے مختلف ممالک میں روزے کا دورانیہ مختلف ہو گا۔ ایک رپورٹ کے مطابق جنوبی امریکا میں واقع ارجنٹائن کے مسلمانوں کے لیے روزے کا دورانہ صرف آٹھ گھنٹے ہو گا۔
جبکہ طویل ترین روزہ سکینڈے نیوین ممالک یعنی سویڈن، ناروے، فن لینڈ، آئس لینڈ اور ڈنمارک میں رکھا جائے گا جس کا دورانیہ 20 گھنٹے 30منٹ ہو گا۔عرب دنیا میں طویل ترین روزہ افریقی ملک الجزائر کا ہو گا جہاں پر روزے کا دورانیہ 16گھنٹے 2 منٹ ہو گا۔ امور فلکیات کے سعودی ماہر عبدالعزیز الحصینی کا کہنا ہے کہ رواں برس سعودی عرب میں روزے کا اوسط دورانیہ 14 گھنٹے 40 منٹ ہوگا۔ رمضان میں ریاض اور قصیم میں درجہ حرارت 34 سے 39 سینٹی گریڈ تک رہے گا۔ریاض میں روزے کا دورانیہ 15 گھنٹے 12منٹ،اردن کے دارالحکومت عمان میں 15 گھنٹے 54 منٹ، ابو ظہبی میں 14 گھنٹے 58 منٹ، شام کے دارالحکومت دمشق میں 16 گھنٹے 2 منٹ، کویت میں 15 گھنٹے 34 منٹ، بحرین کے دارالحکومت منامہ میں 15 گھنٹے 45 منٹ، جبکہ ریاست اومان کے دارالحکومت مسقط میں روزے کا دورانیہ15 گھنٹے 1 منٹ ہو گا۔قطر کے دارالحکومت دوحہ میں 15 گھنٹے 7 منٹ طویل روزہ رکھا جائے گا، جبکہ یمن کے شہر صنعا میں روزے کا دورانیہ 14 گھنٹے 27 منٹ ہو گا۔ عراق کے دارالحکومت بغداد میں روزے کی مدت 16 گھنٹے 1 منٹ ہو گی۔ پاکستان میں بھی روزہ تقریبا ساڑھے 14 سے 15 گھٹے کا ہوگا، جبکہ افریقی ممالک میں مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں 15 گھنٹے 45 منٹ کا روزہ ہو گا، لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں 15 گھنٹے 31 منٹ بعد روزہ افطار ہو گا۔تیونس میں 16 گھنٹے 1 منٹ، الجزائر میں 16 گھنٹے 24 منٹ اور مراکش کے دارالحکومت رباط میں 16 گھنٹے 1 منٹ کا روزہ ہو گا۔