اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف آج اپنا 23واں یوم تاسیس منا رہی ہے۔ اس سلسلے میں مرکزی تقریب اسلام آباد میں جاری ہے۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے حاصل کی ۔ تقریب میں پی ٹی آئی کے کارکن اس وقت حیران رہ گئے جب معروف گلوکار عطا اللہ عیسیٰ خیلوی تشریف لائے ۔ انہیں ویل چیئر پر لایا گیا ۔ انہوں نے اس موقع پر خرابی صحت کے باعث نغمہ نہیں گایا لیکن اپنے مشہور
زمانہ نغمے’’بنے گا نیا پاکستان‘‘ میں کچھ تبدیلی کی اور اس کے 2نئے اشعار گنگنائے ۔ جب وہ جانے لگے تو وزیر اعظم عمران خان خود اٹھ کر عطااللہ عیسیٰ خیلوی کے پاس گئے ،ان سے پر جوش مصافحہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی ۔اس موقع پر ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ پروگرام کے میزبان سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ جہاں عمران خان جیسا لیڈر ہو اس قوم کو گھبرانا نہیں چاہئے اور جہاں عطا اللہ جیسا سپورٹر ہو تو اس قوم کو تو بالکل نہیں گھبرانا نہیں چاہئے ۔