راولپنڈی /شمالی وزیرستان (این این آئی)پاک فوج نے افغانستان سے آئے دہشتگردوں کابڑا حملہ ناکام بنا تے ہوئے متعدد دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ،فائرنگ کے تبادلے میں تین جوان شہید اور سات زخمی ہوگئے جبکہ پاک فوج نے واضح کیاہے کہ باڑ کی تنصیب کی کوششیں جاری رکھی جائیگی ،افغان فورسز اورحکام کو سرحدی علاقوں میں مزیدموثر کنٹرول کی ضرورت ہے ۔
بدھ کو آئی ایس پی آر کے مطابق ساٹھ سے ستر دہشتگردوں کے گروپ نے افغانستان میں موجود اپنے بیسز سے سرحد عبور کر کے شمالی وزیرستان کے علاقہ الورہ میں باڑ کی تنصیب میں مصروف پاک فوج کے جوانوں پر حملہ کردیا ۔پاکستانی سکیورٹی فورسز نے حملوں کا موثر جواب دیتے ہوئے علاقے میں موجود فوجی دستوں کی مدد سے اسے نکام بنا دیا ۔جوابی کارروائی میں متعدد دہشتگرد مارے گئے اورکئی زخمی ہوئے ۔فائرنگ کے تبادلے میں تین فوجی شہید ہوگئے جن میں لانس نائیک علی ،لانس لائیک نذیر اور سپاہی امداد اللہ شامل ہیں جبکہ سات فوجی زخمی بھی ہوئے۔آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق پاکستانی سکیورٹی فورسز باڑ کی تنصیب اور قلعوں کی تعمیر کے ذریعے سرحدی سکیورٹی کو مستحکم کر نے میں مصروف ہیں تاکہ دہشتگردوں کی کارروائیوں کو روکا جاسکے ۔ بیان کے مطابق افغان سکیورٹی فورسز اور حکام کو سرحدی علاقوں میں مزیدموثر کنٹرول کی ضرورت ہے تاکہ پاکستانی کوششوں میں مدد مل سکے جبکہ افغان سر زمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو سکے ۔بیان کے مطابق پاکستان کی جانب سے ہر طرح کی رکاوٹوں کے باوجود باڑ کی تنصیب کی کوششیں جاری رہیں گی ۔