گلگت (آن لائن)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن سے اختلاف سامنے آنے کے بعد صوبائی کابینہ میں شامل واحد خاتون وزیر ثوبیہ مقدم کو وزارت سے برطرف کردیا گیا۔ ثوبیہ مقدم خواتین کی خصوصی نشست پر ضلع دیامر سے رکن اسمبلی منتخب ہوئی تھیں۔انہیں امور نوجوانان اور ویمن ڈیولپمنٹ کی وزارت کا قلم دان دیا گیاتھا۔خاتون رکن پر اسمبلی میں 2 دیگر وزرا کے ساتھ مل کر ہم خیال گروپ تشکیل
دینے کا الزام بھی لگایا جاتا ہے جبکہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر انہیں شو کاز نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا۔وزیراعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن نے خاتون وزیر کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا تحریری بیان میڈیا میں بھی جاری کیا۔ثوبیہ مقدم نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ وہ دیگر ہم خیال وزرا سے مشاورت کر رہی ہیں اور آئندہ کے لیے جلد مشترکہ حکمت عملی کا اعلان کریں گی۔ برطرف خاتون وزیر کا تعلق پاکستان مسلم لیگ (ن) سے ہے۔