بیجنگ(سی پی پی ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سی پیک خطے کے لیے گیم چینجر منصوبہ ہے۔ سرمایہ کاری کے راستے میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کریں گے۔وزیر اعظم عمران خان نے بیجنگ میں تجارت اور سرمایہ کاری فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا چین کا پہلا دورہ بہتر تھا جب کہ دوسرا دورہ بہترین ہے۔
پاک چین اقتصادی راہداری شراکت داری میں تبدیل ہو چکی ہے جب کہ پاکستان اب غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے بہترین ملک ہے۔ چینی سرمایہ کار جانتے ہیں کہ کون سا ملک ان کے لیے بہترین ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم چین کی مدد سے سائنس اور ٹیکنالوجی کی شاندار یونیورسٹی قائم کرنا چاہتے ہیں۔ چین نے زرعی شعبہ میں بہت ترقی کی ہے اور ہم سائنس و ٹیکنالوجی میں چین سے مدد چاہتے ہیں۔ زرعی شعبہ میں ترقی سے پاکستانی عوام کی زندگی میں بہتری آئے گی۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک میں شامل ہے جب کہ ماحولیاتی تبدیلی پوری دنیا کو متاثر کرے گی تاہم ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان نے ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے بہت جدوجہد کی ہے جس کے ایک منصوبے میں ایک ارب درخت لگائے گئے ۔افغانستان سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وسط ایشائی ممالک نے بھی افغانستان میں امن کی بات کی ہے اور ہمیں امید ہے افغانستان میں جلد سیاسی مفاہمت ہو جائے گی۔ اب ہم افغانستان میں امن عمل سے گزر رہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت سے مذہبی ہمسائیگی پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں اور امید ہے بھارت میں انتخابات جلد مکمل ہو جائیں گے۔ بھارت سے مقبوضہ کشمیر سمیت تمام مسائل پر بات کرنے کو تیار ہیں۔