اسلام آباد(آئی ین پی) حکومت نے قومی اسمبلی کو آگاہ کیا ہے کہ سعودی عرب سے 2106 پاکستانی قیدی رمضان کے وسط تک رہا ہو جائیں گے،ایران سے بھی معمولی جرائم میں ملوث پاکستانی قیدیوں کی جلد وطن واپسی ہوگی،افغانستان میں قید پاکستانیوں کی رہائی کیلئے بات چیت جاری ہے،سعودی عرب میں 73فیصد پاکستانی انتہائی سنگین جبکہ صرف27فیصد پاکستانی معمولی نوعیت کے جرائم میں گرفتار ہیں۔
ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے توجہ دلاﺅ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے بتایا کہ بیرون ملک سے قیدیوں کو واپس لانا، فوت شدہ افراد کی میتیں وطن واپس لانا، زائد المدت قیام کے حامل لوگوں کی وطن واپسی ہماری ترجیحات ہیں، وزارت خارجہ امور اور اوورسیز پاکستانیز مل کر اس معاملے پر کام کر رہے ہیں۔