اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اسحاق ڈار نے (ن)لیگ کے دور میں مہنگائی کم ہونے کی وجہ بتا دی۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک ویڈیو پیغام میں سابق وفاقی وزیرخزانہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور حکومت میں قرضے لے کر مہنگائی کم کی تھی۔
یہ بات جھوٹ ہے کہ مسلم لیگ( ن) نے اپنے دور میں 15 ہزار ارب روپے کے قرضے لیے تھے ، ن لیگ نے اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں 9 ہزار 2 سو ارب روپے کے قرضے لیے۔یہی قرضے لے کر ن لیگ نے ملک میں مہنگائی کم کی تھی۔ قرضے لے کر مسلم لیگ ن نے اپنے پانچ سالہ دور میں ملک بھر میں انفرا اسٹرکچر کا جال بچھایا اور ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے پانچ سالہ دور کے بعد ملک میں افراط زر کی شرح 3.6 فیصد تھی جو چالیس سال کی کم ترین سظح تھی، ہم نے نہ تو روز مرہ اشیائے ضروریات کی قیمتوں میں اضافہ ہونے دیا اور نہ ہی ادویات کی قیمتیں بڑھنے دیں۔ضرب عضب کا میجر آپریشن بھی ہم نے فنانس کیا ہم نے سکیورٹی ڈیفنس کے فنڈ کو پانچ سو پچاس ارب روپے سے بڑھا کر گیارہ سو بلین کر دیا۔ ہم نے پاکستان میں ریونیو کو بھی دگنا کیا جو 19 سو ارب روپے سے بڑھا کر 3800 ارب روپے پر چلا گیا تھا۔واضح رہے کہ ملک بھر میں مہنگائی بڑھنے پر پی ٹی آئی حکومت اس وقت شدید تنقید کی زد میں ہے ۔