راولپنڈی(آن لائن ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ اسد عمر قیمتی انسان ہیں انہوں نے بہت محنت کی تھی لیکن ڈالر مہنگا ہو گیا جس سے مہنگائی میں بھی اضافہ ہوا جب کہ سارا نزلہ اسد عمر پر گرا ، حفیظ شیخ میری چوائس ہیں وہ بہت زبر دست مشیر خزانہ ثابت ہوں گے میری رائے یہ تھی کہ اسد عمر وزیر خزانہ رہیں جبکہ حفیظ شیخ کو مشیر خزانہ لگا دیا جائے۔
نجی ٹی وی کو انٹر ویو دیتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کابینہ اجلاس میں باری باری سب کی بات سنتے ہیں ان کی جانب سے کابینہ میں تبدیلی اچھی بات ہے وزیر وزیر ہوتا ہے جہاں بھی ہو ،ماضی میں کئی بار میری بھی وزارت تبدیل کی گئی ، اسد عمر سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسد عمر قیمتی انسان ہیں انہوں نے بہت محنت کی تھی لیکن ڈالر مہنگا ہو گیا جس سے مہنگائی میں بھی اضافہ ہوا جب کہ سارا نزلہ اسد عمر پر گرا ، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ سے میرے بہترین تعلقات ہیں حفیظ شیخ میری چوائس ہیں وہ بہت زبر دست مشیر خزانہ ثابت ہوں گے میری رائے یہ تھی کہ اسد عمر وزیر خزانہ رہیں جبکہ حفیظ شیخ کو مشیر خزانہ لگا دیا جائے۔ شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف معاملات طے کرنے کے لئے سر گرم ہیں، نواز شریف کو آج تک اگر بحران سے کسی نے نکالا ہے تو وہ شہباز شریف ہیں ۔شہباز شریف نے اپنے لئے گنجائش نکال لی ہے لیکن وزیراعظم عمران خان شریف برادران اور آصف زرداری کو نہیں چھوڑیں گے۔ عمران خان بڑا قدم اٹھائیں گے اور شریفوں اور زرداری کو رعایت نہیں دیں گے ۔آصف زرداری نے ذکوۃ و عشر میں بھی کرپشن کی۔ چوہدری نثار سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار حلف نہیں اٹھائیں گے ، اگر عمران خان نہیں ہیں تو پی ٹی آئی بھی نہیں ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ اگر ایم ایل ون ہو گیا تو پانچ سال میں ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو روز گار ملے گا ۔