اسلام آباد(این این آئی)پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کا بھارتی خواب چکنا چور ہوگیا ، ایک ہی دن میں دو ممالک کے وزرائے خارجہ پاکستان پہنچے ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کر نے کا بھارتی خواب چکنا چور ہوگیا اور جرمنی اور ترکمانستان کے وزرائے خارجہ گزشتہ رات اسلام آباد پہنچے اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں ۔ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات علاقائی اور عالمی صورتحال پر غور کیا گیا ۔
دریں اثنا پاکستان اور جرمنی نے دو طرفہ تجارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعاون اور سرمایہ کاری میں فروغ پر اتفاق کیا ہے ۔ منگل کو جرمنی کے وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان کی صورتحال اور افغانستان میں قیام امن سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پلوامہ واقعہ کے بعد ہندوستان کی طرف سے دراندازی اور اس کے نتیجے میں خطے میں امن و امان کی کشیدہ صورتحال سے آگاہ کیا۔وزیر خارجہ نے کہ اکہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے یہی وجہ ہے کہ بھارتی جارحیت کے باوجود وزیر اعظم عمران خان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی پائلیٹ کو انڈیا کے حوالے کیا ۔جرمن وزیر خارجہ کی طرف سے دونوں ممالک کو اپنے معاملات بذریعہ مذاکرات حل کرنے پر زور دیا گیا ۔ انہوںنے کہاکہ ہم افغانستان میں قیام امن کے لئے پاکستان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے دو-طرفہ تجارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعاون اور سرمایہ کاری میں فروغ پر اتفاق کیا ۔ قبل ازیں جرمنی کے وزیر خارجہ ہائیکو ماس پاکستان پہنچے تو نور خان ائیر بیس پہنچے پر وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے جرمن وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔ بعد ازاں وزارت خارجہ پہنچنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جرمن وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔