اسلام آباد(سی پی پی) اسپیکر قومی اسمبلی اور قائد حزب اختلاف کے درمیان قانون سازی موثر بنانے اور عوامی مسائل حل کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور شہبازشریف کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں اسپیکرنے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو پبلک اکانٹس کمیٹی کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دی جب کہ اس موقع پر شہبازشریف نے خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے پر اسپیکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ پارٹی سیاست سے بالاتر ہوکرایوان چلارہے ہیں
جس سے پارلیمان کا وقار بلند ہوا، میری جماعت اور اس کے ارکان آپ کے بحثیت اسپیکر کے کردارکو سراہتے ہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان قانون سازی موثر بنانے اور عوامی مسائل حل کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کو قانون سازی میں مکمل تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔اسد قیصر کاکہنا تھاکہ قانون سازی کے لیے ہمیں پارٹی سیاست سے بالاتر ہو کر کردار ادا کرنا ہو گا۔