کراچی (نیوز ڈیسک )منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدرآصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی ضمانت میں 7 جنوری تک توسیع کردی گئی۔جمعہ کو بینکنگ کورٹ میں میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، منی لانڈرنگ کیس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے۔سابق وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ، صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی، نثار کھوڑو، امتیاز شیخ، سلمان مراد، وقار مہدی، راشد ربانی، اعجاز جکھرانی اور
دیگر رہنما کی بڑی تعداد بھی عدالت میں موجود تھی۔ملزمان کی حاضری کے بعد عدالت نے استفسار کیا کہ کیس میں کیا پوزیشن ہے؟وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ جے آئی ٹی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہے اور سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار ہے۔بینکنگ کورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی ضمانت میں 7 جنوری تک توسیع کردی۔سماعت کے دوران بینکنگ کورٹ کے باہرجیالوں کی بڑی تعداد موجود تھی جو نعرے بازی کرتی نظر آئی۔