اسلام آباد (این این آئی)وفاقی حکومت نے سابق صدر آصف علی زر داری کی نا اہلی کیلئے ریفرنس دائر کر نے کااعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ آصف علی زر داری نے امریکہ میں اپنے اپارٹمنٹ گوشواروں میں ظاہر نہیں کئے ٗ آرٹیکل 62اور 63کے تحت تمام اثاثے ظاہر کر نا لازم ہے ٗحکومت کو کوئی سیاسی چیلنج درپیش نہیں ہے ٗ پاکستان کی سیاست میں صحتمندانہ رجحان سامنے آئیگا ٗمقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر ہمیں شدید تشویش ہے ٗخلاف ورزیاں بند ہونی چاہئیں۔
آنے والے دنوں میں نئے پاکستان کے عوام کو مزید خوشخبریاں ملیں گی ۔بدھ کومیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہاکہ آصف زرداری امریکہ میں ایک اپارٹمنٹ کے مالک ہیں ٗآصف زرداری نے گوشواروں میں یہ اپارٹمنٹ ظاہر نہیں کیا۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ آرٹیکل 62اور63کے تحت تمام اثاثے ظاہر کرنا لازم ہے۔چوہدری فواد حسین نے کہاکہ اثاثے چھپانے پر آصف زرداری رکن اسمبلی رہنے کے اہل نہیں۔وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ الیکشن کمیشن میں آصف زرداری کی نااہلی کیلئے ریفرنس دائر کرینگے۔وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ریفرنس دائر کرنے کی ذمہ داری خرم شیر زمان کو دی ہے۔چوہدری فواد حسین نے کہاکہ آصف زرداری اور نواز شریف اپنے آخری انتخابات لڑچکے ہیں ٗحکومت کو کوئی سیاسی چیلنج درپیش نہیں۔وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہاکہ ہماری حکومت نے اداروں کو خودمختار بنایا ہے ٗتحریک انصاف نے کرپشن فری نظام کی بنیاد رکھنے کا وعدہ کیا تھا۔وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ پاکستان کی سیاست میں صحتمندانہ رجحان سامنے آئیگا۔وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ قومی خزانے کو لوٹنے والوں سے متعلق وزیراعظم کا وژن واضح ہے۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں پانچ سال کرپشن سے پاک حکومت کی ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کیلئے ماحول تبدیل ہو رہا ہے۔
وزیراطلاعات و نشریات نے کہاکہ پرتگال نے پاکستان کیلئے اپنی ٹریول ایڈوائزی تبدیل کر دی ہے۔چوہدری فواد حسین نے کہاکہ پاکستانی معیشت پر چھائے ہوئے بادل چھٹ رہے ہیں ٗبرٹش ایئر ویز نے پاکستان میں فلائیٹ آپریشن بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ سعودی عرب پاکستانی تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری لا رہا ہے۔وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان غریب افراد کی بات کر رہے ہیں ٗہماری حکومت رحم پر مبنی پالیسیاں بنا رہی ہے۔
وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر ہمیں شدید تشویش ہے۔وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری بند ہونی چاہئیں۔وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ آنے والے دنوں میں نئے پاکستان کے عوام کو مزید خوشخبریاں ملیں گی۔وزیر اطلاعات ونشریات نے کہاکہ فیصل واوڈا نے اپارٹمنٹ گوشواروں میں پہلے سے ہی ظاہر کیا ہوا ہے۔