کراچی(سی پی پی ) احتساب عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر بابر غوری کے خلاف کرپشن ریفرنس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دی۔گزشتہ روز احتساب عدالت نے نیب کی درخواست پر بابر غوری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔ عدالت نے ریفرنس کی مزید سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ ریفرنس میں دیگر ملزمان میں رؤف اختر فاروقی، ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی جاوید حنیف بھی شامل ہیں۔ نیب کے مطابق ملزمان نے 2012 میں کے پی ٹی میں
940 غیرقانونی بھرتیاں کیں اور قومی خزانے کو دو ارب 88 کروڑ 55 لاکھ 17 ہزار آٹھ سو 59 روپے کا نقصان پہنچایا۔قومی احتساب بیورو (نیب) نے بابر غوری اور دیگر کیخلاف پونے تین ارب روپے کے مبینہ کرپشن پر احتساب عدالت میں کرپشن کا ریفرنس دائر کر رکھا ہے، ریفرنس میں بابر غوری سمیت آٹھ ملزمان نامزد ہیں۔بابر غوری وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ رہ چکے ہیں جب کہ وہ ان دنوں بیرون ملک مقیم ہیں۔اس سے قبل بھی نیب نے ان کے خلاف غیر قانونی بھرتیوں پر تحقیقات شروع کی تھیں۔