لاہور (نیوز ڈیسک) سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے اسرائیلیوں کو ویزے جاری کیے، اس بات کا انکشاف ایک شہری اقتدار حسین نے لاہور ہائیکورٹ میں نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست میں کیا ہے۔ اس درخواست میں شہری کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے 17 مارچ 1999 کو اسرائیلی سیاحوں کو پاکستان کے ویزے جاری کیے۔ اس موقع پر وزارت داخلہ کے تسلیم شدہ
ممالک کی فہرست میں اسرائیل کا نام ڈالا گیا، شہری نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ یہ تمام معلومات وزارت داخلہ کی ویب سائٹ پر موجود ہیں، یہ معلومات سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے عوام سے چھپائیں۔ اپنی درخواست میں شہری نے کہا کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے پاکستان کا تحفظ نہیں کیا اس وجہ سے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔