راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) میجر جنرل آصف غفور نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور شہباز شریف کی مبینہ خفیہ ملاقات کے حوالے سے وضاحت کر دی، پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے میڈیا نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کا کسی بھی این آر او سے کوئی تعلق نہیں ہے،
انہوں نے کہاکہ آرمی چیف اور شہباز شریف کی چھپ کر ملاقات کا تاثر دیا گیا جس کی وضاحت ضروری تھی۔ تمام ادارے اپنا اپنا کام کر رہے ہیں۔ میجر جنرل آصف غفور نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ملک چلانے کے لیے آپس میں رابطے ہوتے ہیں، شہباز شریف ایک صوبے کے وزیراعلیٰ ہیں، انہوں نے کہا کہ میٹنگ پر اعتراف نہیں لیکن بغیر کسی ثبوت کے چھپ کر ملاقات اور این آر او کا تاثر دیا گیا جس کی وضاحت کرنا ضروری تھی، انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی میڈیا نمائندوں سے ملاقات کے بارے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جنرل قمر باجوہ سے اینکرز کی ملاقات آف دی ریکارڈ تھی جس میں کچھ لوگ موجود نہیں تھے، پھر بھی اس پر آرٹیکلز لکھے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی خواہش ہے کہ پاکستان میں امن ہو۔ باجوہ ڈاکٹرائن کا کوئی اور مطلب نہ لیا جائے۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ہمیں اپنی تمام انٹیلی ایجنس ایجنسیز پر فخر ہے، پچھلے دس سے پندرہ سال میں انٹیلی جنس ایجنسیز کا کلیدی کردار رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ایم آئی، آئی ایس آئی اور آئی بی سمیت باقی دیگر اداروں کی محنت نہ ہوتی توآج پاکستان میں امن نہ ہوتا۔ میجر آصف غفور نے کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسیاں اور افواج کامیاب نہیں ہونے دے رہیں۔