اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہر صوبے کو اختیار دیا جائے گا کہ وہ تیل و گیس کی تلاش کے لئے اپنی کمپنی بنائیں۔بدھ کو ایوان بالا کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے تحت وزارت پٹرولیم میں صوبائی نمائندگی کو شامل کیا گیا ہے اور ملک میں ایک آزاد ریگولیٹر موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے معاملات مشترکہ مفادات کونسل کی سطح پر حل کرنے کے لئے کام کر رہی ہے۔ ہر صوبے
کو اس کا اختیار دیا جائے گا کہ وہ تیل و گیس کی تلاش کے لئے اپنی کمپنی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایل این جی کے معاملے پر صوبائی وزراء اعلیٰ سے تین ملاقاتیں ہوئی ہیں، سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے حکام کے ساتھ بھی ایک ملاقات ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر صوبے میں ایک ڈی جی پٹرولیم کنسیشن یا پورے پاکستان میں ایک ریگولیٹر مقرر کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے، معاملات سی سی آئی میں ہیں مگر صوبے اس پر متفق نہیں، کوشش ہے کہ اس معاملے کو جلد از جلد نمٹا دیا جائے۔