کوئٹہ/راولپنڈی(این این آئی)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان انکی توجہ کا مرکز ، صوبہ کے عوام کو دیگر صوبوں کی طرح خوشحال بنانا اہم مقصد ہے ،فوج پاکستان کے عوام کیلئے ہے،انکی مکمل حمایت سے اپنی ذمہ درایاں سر انجام دیتے رہیں گے،فوج ایف سی پولیس انٹیلی جنس اور دیگر ایجنسیوں بشمول صوبائی انتظامیہ کی طرف سے سیکیورٹی صورتحال بہتر بنانے کیلئے کی جانیوالی کوششیں لائق تحسین ہیں ،
سماجی اقتصادی حوالے سے کی جانیوالی کوششوں کے نتیجہ میں قابل ذکر طور پر فراری ہتھیار ڈالنے پر آمادہ ہوئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعہ کو کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا ، آرمی چیف کو جنوبی کمان ہیڈ کوارٹرز اور ایف سی بلوچستان ہیڈ کوارٹرز (نارتھ) میں صوبے کی سیکیورٹی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کو بتایا گیا کہ فرقہ ورانہ ٹارگٹنگ میں نمایاں کمی ہوئی ہے جبکہ مایوس دہشتگرد اب قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں ۔ آرمی چیف نے فوج ایف سی پولیس انٹیلی جنس اور دیگر ایجنسیوں بشمول صوبائی انتظامیہ کی طرف سے سیکیورٹی صورتحال بہتر بنانے کیلئے کی جانیوالی کوششوں کو سراہا ۔ پاک فوج کے سربراہ نے خاص طور پر سماجی اقتصادی حوالے سے کی جانیوالی کوششوں کی تعریف کی جس کے نتیجہ میں قابل ذکر طور پر فراری ہتھیار ڈالنے پر آمادہ ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان انکی توجہ کا مرکز اور صوبہ کے عوام کو دیگر صوبوں کے عوام کی طرح خوشحال بنانا اہم مقصد ہے ۔ بعد ازاں آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں سے تبادلہ خیال کیا اور انکے جذبے کو سراہا ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ فوج پاکستان کے عوام کیلئے ہے اور انکی مکمل حمایت سے اپنی ذمہ درایاں سر انجام دیتے رہیں گے ۔ قبل ازیں آرمی چیف کی کوئٹہ آمد پر کمانڈر جنوبی کمان لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے ان کا استقبال کیا۔