اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاناما کیس نے پاکستان کی سیاست میں ہلچل مچا رکھی ہے، ہر کوئی اپنی اپنی پیشگوئی کرتا نظر آتا ہے کہ وزیراعظم استعفیٰ دے دیں گے اور فلاں شخص کو وزیراعظم بنادیا جائے گا، طرح طرح کی قیاس آرائیاں جاری ہیں، اس حوالے سے تجزیہ کار و سینئر صحافی حامد میر نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اگر استعفیٰ دے دیتے ہیں تو ان کی کرسی یعنی وزارتِ عظمیٰ شریف خاندان کا کوئی
بھی شخص نہیں سنبھالے گا۔ سینئر تجزیہ کار حامد میر نے مزید کہا کہ جہاں تک کلثوم نواز کے وزیراعظم بننے کا سوال ہے تو کلثوم نواز کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے ان کی صحت اس بات کی اجازت نہیں دیتی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے بھائی محمد شہباز شریف بھی وزارتِ عظمیٰ کا عہدہ نہیں سنبھالیں گے اس کی وجہ یہ ہے کہ پنجاب میں ان کے علاوہ کوئی ایسا شخص موجود نہیں ہے جو وزارتِ اعلیٰ کی سیٹ سنبھال سکے، لہٰذا شہباز شریف بھی وزیراعظم نہیں بنیں گے۔