اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری کی جائیداد قرقی کا حکم جاری کردیا ہے۔ یہ فیصلہ دھرنے کے دوران پی ٹی وی اور پارلیمنٹ ہاؤس پر حملہ اور ایس ایس پی کو زخمی کرنے کے الزام میں کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے 2014 ء میں پی ٹی آئی اور عوامی تحریک کے دھرنے کے دوران پاکستان ٹیلی وژن اور پارلیمنٹ ہاؤس پر حملہ، کار سرکار میں مداخلت اور اس کے علاوہ
ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو کو زخمی کرنے کے الزام میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری سمیت 70 افراد کے خلاف مقدمات کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران انسداد دہشت گردی کی عدالت نے دونوں رہنماؤں پر فردِ جرم عائد کر دیا، اس کے علاوہ معزز عدالت نے ان کی جائیداد کو قرق کرنے کے لیے متعلقہ تھانوں اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کو نوٹس جاری کردیے ہیں، مزید یہ کہ دونوں رہنماؤں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کو اشتہاری ملزمان قرار دے دیا گیا ہے۔