اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چوہدری نثار کی ناراضگی، ن لیگ میں اندرون خانہ کیا چل رہا ہے؟ تفصیلات کے مطابق صحافی و سینئر تجزیہ کار کامران خان نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی کے بارے میں کہا کہ خبریں یہ چل رہی ہیں کہ وہ حکومت سے ناراض ہیں، مزید کہا کہ کیا وہ وزیراعظم سے فاصلے بڑھا رہے ہیں، اگر ایسا کچھ ہے تو یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے، سینئر تجزیہ کار کامران خان نے کہا کہ آج اس سلسلے میں تصدیق ہوئی ہے کہ چوہدری نثار علی خان واقعی بہت زیادہ ناراض ہیں۔
کامران خان نے کہا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار کابینہ کے اجلاس میں شریک ہوئے تو ٹی وی چینل پر خبریں اور شہ سرخیاں چلائی گئیں کہ انہوں نے وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا، ان سرخیوں کے چلنے کے بعد وزارت داخلہ کی طرف سے غیر متوقع طور پر وضاحت کی گئی اور وزیر داخلہ سے منسوب اس بیان کی نہ صرف تردید کی بلکہ ترجمان وزارت داخلہ نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں وزیر داخلہ کے بیان کی درست رپورٹنگ بھی نہیں کی گئی۔ سینئر تجزیہ کامران خان کے بقول یہ ساری بات اس کی تصدیق کرتی ہے کہ چوہدری نثار علی خان شدید ناراض ہیں اور وزارت داخلہ کی اس تردید نے مزید سوال جنم دیے ہیں۔ نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں صحافی ابراہیم راجہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری نثار ہمیشہ اپنی قیادت کے سامنے دو ٹوک الفاظ میں اپنا موقف پیش کرتے ہیں، اور اس خبر سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس اور وزیر داخلہ کے درمیان سب کچھ ٹھیک نہیں ہے، یہ بھی ممکن ہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی خلوص نیت سے یہ رائے ہو کہ وزیراعظم کو عہدہ چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) کے کسی شخص کو وزیراعظم بنا دینا چاہیے، بظاہر تو یہی لگتا ہے کہ وزیر داخلہ اس سارے معاملے سے دوری اختیار کیے ہوئے ہیں کیونکہ وزیرداخلہ چوہدری نثار پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ شریف خاندان پر بدعنوانی ثابت ہو گئی تو وہ پہلے آدمی ہوں گے جو ان سے علیحدگی اختیار کر لیں گے۔