اسلام آباد(این این آئی)اسلام آبادہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن میں جاری غیر ملکی فنڈنگ کیس کی کارروائی روکنے کے لیے پی ٹی آئی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور اکبر ایس بابر کو نوٹس جاری کردیئے۔
جمعہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جاری غیرملکی فنڈنگ کیس کی کارروائی روکنے کیلئے دائردرخواست کی سماعت ہوئی۔پی ٹی آئی کی جانب سے موقف اختیارکیا گیا کہ پولیٹیکل پارٹیز آرڈر2000 کے تحت الیکشن کمیشن کو شہریوں کی شکایات پر کسی سیاسی جماعت کے خلاف کارروائی یا اس کے کھاتوں کی جانچ پڑتال کا اختیار نہیں ٗاس لیے الیکشن کمیشن کو غیرملکی فنڈنگ کیس کی سماعت سے روکا جائے۔موقف سننے کے بعد جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ 2014 سے یہ کیس چل رہا ہے، ہائی کورٹ پہلے بھی یہ کیس الیکشن کمیشن کو ریمانڈ بیک کرچکی ہے۔ عدالت عالیہ نے الیکشن کمیشن میں جاری غیر ملکی فنڈنگ کیس کی کارروائی روکنے کی پی ٹی آئی کی استدعا مسترد کردی جب کہ الیکشن کمیشن اور اکبر ایس بابر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا