اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ن لیگ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس، چوہدری نثار سمیت کئی اہم ارکان کی عدم شرکت، وزیراعظم نواز شریف نے اراکین اسمبلی و سینٹ کو اعتماد میں لیا۔ تفصیلات کے مطابق ن لیگ پارلیمانی پارٹی کا وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت آج اہم اجلاس منعقد ہوا ہے جس میں ن لیگ کے اراکین قومی اسمبلی و سینٹ نے شرکت کی ۔ اس اہم اجلاس میں چوہدری نثار
سمیت کئی اہم ارکان شامل نہیں ہوئے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی کابینہ اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار کے درمیان تلخ کلامی کی خبریں بھی میڈیا رپورٹ کر چکا ہے جس کی تردید وزارت داخلہ نے کی ہے ، جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے وفاقی کابینہ اجلاس سے واک آئوٹ بھی کیا ہے۔ دریں اثنا وزیراعظم نواز شریف نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اراکین قومی اسمبلی و سینٹ کو اعتماد میں لیتے ہوئے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں تمام زور شریف خاندان کے ذاتی کاروبار کی چھان بین پر لگا دیا گیا ہے ۔ ہمارے چلتے کاروبار تباہ کئے گئے ۔ اگر ہم نے قومی خزانہ لوٹا ہے تو سامنے لایا جائے۔ رینٹل پاور سکینڈل اور نیشنل انشورنس سکینڈل جیسے ہی کوئی سکینڈل ہمارے دکھا دیا جائے۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے این آر او بارے آنیوالی اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مشرف دور میں بھی ہمیں این آر او کی پیش کش کی گئی جسے ہم نے مسترد کر دیا اور اب بھی کسی بھی این آر او کے محتاج نہیں جمہوریت ہمارا نصب العین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کسی بھی سیاستدان نے خود کو احتساب کیلئے پیش نہیں کیا جبکہ میں نے نہ صرف خود کو احتساب کیلئے پیش کیا بلکہ میرا پورا خاندان احتساب کیلئے پیش ہوا۔ میرے دامن پر
کوئی داغ نہیں نہ ہی قومی خزانہ لوٹا یا کرپشن کی۔اس موقع پر ن لیگ کے اراکین قومی اسمبلی و سینٹ نے وزیراعظم نواز شریف پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔