اسلام آباد(آن لائن)سیاسی بحران سے نمٹنے کیلئے حکومت کی جانب سے غیر ملکی حکومتوں سے مدد مانگنے کی کوشش ناکام ہو گئی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق حکومت نے پاناما کیس جے آئی ٹی کی حتمی رپورٹ کے بعد پیدا ہونے والے سیاسی بحران سے نکلنے کیلئے غیر ملکی حکومتوں سے مدد مانگنے کی کوشش کی ہے۔ حکومت کی جانب سے امیر متحدہ عرب امارات، سعودی فرمانروا اور انگلینڈ و امریکی حکومتوں سے رابطے کرکے مدد مانگنے کی کوشش کی گئی ہے۔
تاہم ان تمام ممالک کی حکومتوں کی جانب سے حکومت پاکستان کے رابطوں کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق یہ تمام ممالک وزیراعظم نواز شریف کو مزید مدد فراہم کرنے کیلئے اب تیار نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے متحدہ عرب امارات کے شاہی خاندان سے قریبی تعلقات رہے ہیں تاہم قطر بحران کے بعد نہ صرف پاکستان اور متحدہ عرب امارات جبکہ شریف اور اماراتی شاہی خاندان کے تعلقات میں بھی کشیدگی دیکھنے میں آئی ہے۔