اسلام آباد(آئی این پی)مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے کہاہے کہ پا کستان چین کے ساتھ تذویراتی تعلقات مزید مستحکم کرنے کیلئے پرعزم ہے،پاکستان چین کے اہم معاملات میں اپنی حمایت جاری رکھے گا ، دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح رابطے برقرار رکھنے کی ضرورت ہے ۔
منگل کو ترجمان دفترخارجہ کے مطابق مشیرخارجہ سے چین کے انسداد دہشتگردی و سلامتی کمشنر نے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ تذویراتی تعلقات مزید مستحکم کرنے کیلئے پرعزم ہے،پاکستان چین کے اہم معاملات میں اپنی حمایت جاری رکھے گا۔سرتاج عزیز نے دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح رابطے برقرار رکھنے پر زوردیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ چنگ گو پنگ نے چین کے اہم معاملات پر پاکستان کی حمایت کو سراہا۔چینی کمشنر نے سی پیک منصوبوں پر کام کرنیوالے چینی ماہرین کیلئے سیکیورٹی اقدامات کو بھی سراہا۔چنگ گو پنگ نے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی