اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان کو حافظ سعید کے حوالے سے کسی اقدام پر بھارت سے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں،حافظ سعید کیخلاف اقدامات سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی روشنی میں کی گئی، بھارت مسلسل حافظ سعید کی آڑ میں پاکستان پر کڑی تنقید کرتا آیا ہے،بھارت حافظ سعید کے حوالے سے بے بنیاد الزامات لگانے کی بجائے ٹھوس ثبوت فراہم کرے،
پاکستان جمہوری ملک ہے جہاں عدلیہ آزاد فیصلے کرتی ہے۔بد ھ کو وفاقی وزارت داخلہ کے ترجمان نے بھارتی وزارت خارجہ کے حافظ سعید کی گرفتاری کے حوالے سے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں حافظ سعید کے حوالے سے کسی اقدام پر بھارت سے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے،حافظ سعید کیخلاف اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں دسمبر2008میں پاس ہونے والی قرار داد کی روشنی میں کئے گئے ،سلامتی کونسل کی قرار داد تحت ہتھیاروں ،سفر پر پابندی اور اثاثے منجمند کئے جانے تھے ،ترجمان کا کہنا تھا کہ سابق حکومتوں کی جانب سے نامعلوم وجوہات کی بنا پر یہ تمام اقدامات نہیں کئے گئے تھے،ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت مسلسل حافظ سعید کی آڑ میں پاکستان پر کڑی تنقید کرتا آیا ہے،بھارت حافظ سعید کے حوالے سے بے بنیاد الزامات لگانے کی بجائے ٹھوس ثبوت فراہم کرے،پاکستان جمہوری ملک ہے جہاں عدلیہ آزاد فیصلے کرتی ہے۔