اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ دشمن اپنی آخری جنگ بلوچستان کی سرزمین کو استعمال کرکے لڑنا چاہتا ہے،اسے پہلے بھی ناکامی ہوئی تھی اور اب بھی ناکامی ہوگی، ایف سی نے بلوچستان میں ریاست کی رٹ کی بحالی اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے کلیدی کردار ادا کیا،صرف سی پیک ہی نہیں پورے بلوچستان کو پر امن بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،
پچھلے چند ہفتوں میں لوگوں کی بڑی تعداد کا تشدد کا راستہ ترک کرکے قومی دھارے میں شمولیت اختیار کرنے کا عمل خوش آئند ہے۔وہ آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم احمدانجم سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے ،ملاقات میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور ایف سی سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا کہ ایف سی نے بلوچستان میں ریاست کی رٹ کی بحالی اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اس حوالے سے ایف سی کے ہر افسر اور جوان کا کردار قابلِ تحسین ہے،اپنے فرائض کی انجام دہی کے سلسلے میں ایف سی کی تمام ضروریات کو پور ا کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو پاکستان مخالف قوتوں سے پاک کرنے کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے عوام کے دل و دماغ جیتنے کی ذمہ داری بھی ایف سی پر ہے،وزیر داخلہ نے کہا کہ دشمن اس وقت اپنی آخری جنگ بلوچستان کی سرزمین کو استعمال کرکے لڑنا چاہتا ہے اسے پہلے بھی ناکامی ہوئی تھی اور اب بھی ناکامی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے چند مہینوں میں اس حوالے سے ایف سی نے جو اقدامات کیے ہیں وہ قابل اطمینان ہیں مگر انکو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے اور صرف سی پیک ہی نہیں پورے بلوچستان کو پر امن بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے چند ہفتوں میں لوگوں کی بڑی تعداد کا تشدد کا راستہ ترک کرکے قومی دھارے میں شمولیت اختیار کرنے کا عمل خوش آئند ہے۔