اسلام آباد(این این آئی)پاکستان نے جوہری اور حیاتیاتی ہتھیاروں اور انکی ڈیلیوری سسٹمز سے متعلق مصنوعات،ٹیکنالوجیز، مواد اور آلات کی نظر ثانی شدہ فہرست جاری کر دی۔بدھ کو دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق نوٹیفکیشن جوہری اور حیاتیاتی ہتھیاروں اور ان کی ڈیلیوری سسٹم ایکٹ2004 کے تحت مصنوعات،ٹیکنالوجیز،مواد اور آلات سے متعلق جوہری اور حیاتیاتی ہتھیاروں اور ان کی ترسیل کے نظام کے حوالے سے نظر ثانی شدہ کنٹرول فہرست کے مطابق جاری کردی گئی۔
دفترخارجہ کے مطابق مذکورہ ایکٹ حکومت کو جوہری اور حیاتیاتی ہتھیاروں اور انکی ڈیلیوری سسٹم سے متعلق مصنوعات،ٹیکنالوجیز،مواد اور آلات پر کنٹرول ایکسپورٹ، ری ایکسپورٹ، ٹرانس شپمنٹ اور ٹرانزٹ کا اختیار دیتا ہے۔کنٹرول فہرستوں کی نظر ثانی اور اپ ڈیٹ کرنے کا عمل وزارت خارجہ امور کے سٹرٹیجک ایکسپورٹ کنٹرول ڈویژن نے دیگر متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے مشاورت سے کیا ہے۔ایک ذمہ دار ایٹمی ملک کی حیثیت سے نظر ثانی شدہ فہرستیں پاکستان کی پالیسی اور مسلسل عزم کا اظہار ہیں۔