اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے پانامہ لیکس کیس کے سپریم کورٹ میں اپنے وکیل نعیم بخاری سے دلبرداشتہ ہو کر نئے وکیل کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق تحریک انصاف کے سیکنڈ لیڈ وکیل نعیم بخاری نے پانامہ لیکس کیس بارے متوقع کارکردگی نہیں دکھائی جس پر تحریک انصاف ناراض نظر آ رہی ہے۔
نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف نے وکیل کی تبدیلی کیلئے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء اعتزاز احسن سے بھی رابطہ کیا ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نعیم بخاری کی اہلیت اور ججز کے سوالات کے صحیح جوابات نہ دینے پر خاصے پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔ تحریک انصاف نعیم بخاری کی رضا مندی سے نئے لیڈ وکیل کی تلاش کر رہی ہے۔تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہمیں ایک قابل اور اچھے وکیل کی تلاش ہے جو کیس کی اصل روح کو سمجھتے ہوئے اسے منطقی انجام تک پہنچا سکے۔ سینئر وکلاء حامد خان اور احمد اویس اپنے اوپر تنقید کئے جانے کی وجہ سے پہلے ہی تحریک انصاف کے کیس کو چھوڑ چکے ہیں۔ واضح رہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد بھی گزشتہ دو دن سے نعیم بخاری پر برہم دکھائی دے رہے ہیں۔