اسلام آباد (نیوزڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہارتا وہ ہے جو ہارمان جائے میں موت کے منہ سے بھی جیت چھین لینے والا شخص ہوں ، میرا کیس ایک گھنٹے کا رہ گیا ہے ، عدالت عظمیٰ سے استدعا کروں گا کہ وزیراعظم کوعدالت طلب کیا جائے وہ پیش ہو کر بتائیں کہ بچوں کا پیسہ قطری مال ہے یا رزق حلال ہے۔
وہ منگل کو پانامہ کیس کی سماعت کے موقع پر عدالت عظمیٰ کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی ہمت نہیں ہاری جو میں نے دلائل دینے تھے وہ نعیم بخاری نے دے دیے ہیں ،میرا کیس اب صرف ایک گھنٹے کا رہ گیا ہے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں موت کے منہ سے فتح چھین لینے والا شخص ہوں ،میں عدالت سے استدعا کروں گا کہ وہ وزیراعظم کو طلب کریں اور بتائیں کہ بچوں کا پیسہ قطری مال ہے یا رزق حلال ہے کیس ختم ہو جائے گا۔اوپر خدا ہے نیچے میں خود وکیل ہوں اگر نوازشریف کو عدالت طلب کیا گیا تو ان پر جرح کروں گا۔ وزیراعظم عدالت میں پیش ہو کربیان حلفی جمع کرائیں۔انہوں نے کہا کہ یا تو اسمبلی سے نااہل ہونے والے ارکان کو واپس لایا جائے یا پھر جھوٹ بولنے پر وزیراعظم کو بھی گھر بھیج دیا جائے ، سپیکر قومی اسمبلی سے پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس کا وقت تبدیل کرنے کا کہا تھا لیکن انہوں نے نہیں مانی۔