اسلام آباد (آئی این پی ) وفاقی دارالحکومت کے علاقے بنی گالا سے فاطمہ جناح یونیورسٹی کے پروفیسر اور سماجی کارکن سلمان حیدر اغواء، کورال چوک سے گاڑی برآمد، پولیس نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں کی ناکہ بندی کر کے تلاش شروع کر دی ، سینیٹ کی کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمان ملک کا پروفیسر سلمان حیدر کے اغواء پر تشویش کا اظہار ، آئی جی اسلام آباد اور پنجاب سے پروفیسر سلمان حیدر کیباحفاظت بازیابی یقینی بنانے کا مطالبہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے علاقے بنی گالا سے فاطمہ جناح یونیورسٹی کے پروفیسر اور سماجی کارکن سلمان حیدر جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب لاپتہ ہو گئے۔
تھانہ لوہی بھیر میں سلمان حیدر کی اہلیہ کی جانب سے اپنے شوہر کے لاپتہ ہونے کی درج کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ سلمان حیدر جمعہ کی رات اسلام آباد کے علاقے بنی گالہ میں اپنے دوستوں کے ہمراہ تھے، انہوں نے ٹیلی فون پر کہا تھاکہ وہ رات 8 بجے تک گھر آجائیں گے تاہم 10 بجے تک گھر نہ پہنچنے پر انہیں فون کیا تو انہوں نے نہیں اٹھایا جس کے بعد سلمان حیدر کے فون سے ایس ایم ایس ملا کہ ان کی گاڑی کورال چوک کے پاس سے لے جائیں۔پولیس کے مطابق سلمان حیدر کی گاڑی کورال چوک سے مل گئی ہے جبکہ تاحال سلمان حیدر سے متعلق کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ، پولیس نے پروفیسرسلمان حیدر کی تلاش کے لئے تفتیشی ٹیم تشکیل دے کر بنی گالہ اور کورال چوک کے اطراف کے علاقوں میں ناکہ بندی کردی ہے۔ دوسری طرف چیئرمین سینیٹ کمیٹی برائے داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے پروفیسر سلمان حیدر کے اغواء پر انتہائی افسوس اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک کے دارالحکومت سے اغواء کاری ہونا قابل تشویش و پریشان کن ہے، اسلام آباد کی پولیس اور انتظامیہ کیلئے سلمان حیدر کی برآمدگی ایک ٹیسٹ کیس ہے، آئی جی اسلام آباد اور آئی جی پنجاب پروفیسر سلمان حیدر کی باحفاظت برآمدگی ممکن بنائیں۔