اسلام آباد(آئی این پی )وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان نے سندھ حکومت کی جانب سے شکار کی غرض سے پاکستان آنے والے غیر ملکی مہمانوں کے سلسلے میں حکومت کے طے شدہ قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کرانے میں غفلت کا نوٹس لیا ہے اور کہا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ شاہی خاندانوں کے ساتھ آنے والا غیر ملکی سٹاف پاکستانی ویزے کے حصول کے لئے مروجہ قواعد و ضوابط پر عمل کرے۔
وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزارتِ داخلہ کو سیکیورٹی اداروں کی جانب سے اطلاعات موصول ہوئیں تھیں کہ گذشتہ دنوں بھارت کی شہریت رکھنے والے چھ افراد ایڈوانس سٹاف کے طور پر بغیر کسی سیکیورٹی کلیئرنس بدین ائیر بیس سندھ پہنچے اور وہاں سے ٹھٹھہ روانہ ہوئے جو کہ متعلقہ قواعد کی خلاف ورزی ہے۔ وزیر داخلہ نے سیکیورٹی اداروں کی رپورٹس پر نوٹس لیتے ہوئے صوبائی حکومتوں کو ارسال کئے گئے مراسلے میں کہا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ شاہی خاندانوں کے ساتھ آنے والا غیر ملکی سٹاف پاکستانی ویزے کے حصول کے لئے مروجہ قواعد و ضوابط پر عمل کرے، وزیرِداخلہ کے حکم پر وزارتِ داخلہ نے تمام صوبائی حکومتوں سمیت بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں کو شکار کے لئے مقرر کردہ قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرانے کے لئے مراسلہ ارسال کر دیا، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی مہمانوں کے سٹاف کی آمد و رفت غیر معروف ائیر پورٹس کی بجائے ملک کے بڑے ائیر پورٹس کے ذریعے یقینی بنائی جائے اور ایڈوانس سٹاف کی آمد کی اطلاع متعلقہ اداروں کو قبل از وقت دی جائے۔