اسلام آباد (این این آئی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر ) اور فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے ) نے پاناما لیکس معاملے پر سپریم کورٹ میں جواب جمع کرا دیا ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے پاناما لیکس معاملے پر سپریم کورٹ میں جواب داخل کرایا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاناما لیکس معا ملہ سامنے آنے کے بعد 336افراد اور کمپنیوں کو نوٹس جاری کیے جن میں سے 133افراد اور کمپنیوں نے نوٹس کے جواب جمع کرائے ٗ 203افراد اور کمپنیوں نے جواب جمع نہیں کرائے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریری جواب میں آٹھ نکات بیان کیے گئے ہیں ۔ دوسری جانب ایف آئی اے نے اپنے تحریری جواب میں سپریم کورٹ کو بتایا کہ کسی فرد یا ادارے نے پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے درخواست نہیں دی ۔ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی اے کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا کہ پاناما لیکس تحقیقات کا معاملہ ایف بی آر کے دائر ہ اختیار میں نہیں ہے ۔