جمعہ‬‮ ، 15 ‬‮نومبر‬‮ 2024 

ہم ماتمی قوم ہیں

datetime 25  اگست‬‮  2022
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

میں آنکھیں مل رہا تھا اور بار بار غور سے تصویر دیکھ رہا تھا لیکن آنسوئوں کی وجہ سے ہر بار تصویر دھندلا جاتی تھی‘ مٹی اور پانی نے مل کر دیوار سی بنا دی تھی اور اس دیوار میں مختلف سائز اور عمروں کے پانچ بچوں کی نعشیں چنی ہوئی تھیں‘ نعشیں مٹی کے ڈھیر میں مٹی کے نقش محسوس ہوتی تھیں اور غور سے دیکھنے سے نظر آتی تھیں‘ یہ بچے کون تھے اور یہ سیلاب میں بہہ کر کہاں سے کہاں پہنچ گئے؟

میں نہیں جانتا تھا لیکن یہ نعشیں پاکستان کے اجتماعی ضمیر کا خوف ناک نوحہ تھیں اور یہ نوحہ قوم کا گریبان پکڑ کر بتا رہا تھا قومیں جب بے حس ہو جاتی ہیں تو انہیں بچوں کی نعشیں بھی نہیں جگا سکتیں۔یہ پانچ بچے ان 822 لوگوں میں شامل ہیں جو پاکستان کے تازہ ترین سیلابوں اور بارشوں کا نشانہ بن گئے‘ جولائی اور اگست کی بارشوں نے پورے ملک میں تباہی پھیلا دی ہے‘ بلوچستان میں 30 برسوں کے ڈیٹا کے مطابق 370 فیصد زیادہ بارشیں ہوئیں اور سندھ میں 400 فیصد جب کہ پورا جنوبی پنجاب اور آدھا کے پی‘ گلگت بلتستان اور کشمیر اس وقت پانی میں ڈوبا ہوا ہے‘ جھیلیں پھٹ رہی ہیں‘ ڈیم ٹوٹ رہے ہیں اور پوری پوری بستیاں بہہ کر سیکڑوں میل دور جا پڑی ہیں‘ سندھ میں 231 لوگ‘ بلوچستان میں 225‘ کے پی میں 166‘ پنجاب میں 151‘ گلگت بلتستان میں 9 اور آزاد کشمیر میں 37 لوگ جاں بحق ہو چکے ہیں‘ بلوچستان کا 95 فیصد حصہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے‘ ڈیڑھ لاکھ مکان‘ فیکٹریاں اور شاپنگ ایریا زمین بوس ہیں‘ گاڑیاں پانی میں بہہ گئی ہیں اور فصلیں اور باغ مکمل طور پر ختم ہو گئے ہیں‘ ضلعی انتظامیہ اور پولیس فورس تک غائب ہے جب کہ متاثرین صاف پانی اور خوراک کو ترس رہے ہیں‘ خیمے لگانے کے لیے بھی جگہ نہیں بچی‘ سندھ کی رابطہ سڑکیں ٹوٹ چکی ہیں‘ سندھ اور بلوچستان کا رابطہ منقطع ہو چکا ہے‘ بلوچستان کے 21 ڈیم ٹوٹ گئے ہیں‘

129 رابطہ پل بھی ٹوٹ گئے ہیں اور پورے پورے اضلاع کی فصلیں اور کھیت ختم ہو گئے ہیں اور لوگ اس وقت کھلے آسمان کے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں لیکن یہاں وفاق میں کیا ہو رہا ہے؟ عمران خان روز چار گھنٹے ایکسرسائز کرتے ہیں‘ نہاتے دھوتے ہیں ‘ قوم سے خطاب فرماتے ہیں اور اس کے بعد ٹیلی ویژن سکرینیں سیلاب زدگان کو بھلا کر عمران خان کے پیچھے دوڑ پڑتی ہیں

اور پھر حکومت لنگوٹ کس کر جواب دینا شروع کر دیتی ہے‘ پاکستان میں ایمرجنسی کی صورت حال ہے لیکن ٹیلی ویژن سکرینیں اور اپوزیشن اور حکومت شہباز گل کے ساتھ جنسی زیادتی اور سیشن جج کے خلاف عمران خان کے کلمات کے پیچھے بھاگ رہی ہے‘ یہ ملک کہاں چلا گیا ہے اور یہ کہاںجا رہا ہے؟ کیا کسی کو احساس ہے!۔پاکستان میں سیلاب آج کا ایشو نہیں ہے‘اس خطے میں 11 لاکھ سال سے ساون کا موسم آ رہا ہے‘ مہا بھارت‘ پران اور گیتا میں بھی بارشوں اور سیلابوں کی تباہی کا ذکر ہے‘ سنٹرل ایشیا سے دس ہزار سال سے طالع آزما ہندوستان آ رہے ہیں لیکن یہ بھی جولائی کا مہینہ شروع ہوتے ہی مون سون سے قبل بھارت سے نکل جاتے تھے‘ آپ نے کبھی سوچا محمود غزنوی نے ہندوستان پر 17 حملے کیوں کیے؟ وہ بھی ہر مون سون سے پہلے ہندوستان سے واپس دوڑ جاتا تھا‘ مون سون تاریخ کے ہر دور میں ہندوستان کا سب سے بڑا دفاع رہی‘ اس خطے کی تاریخ ہے یہاں جولائی‘ اگست اور ستمبر کے دوران کوئی سیاسی‘ عسکری اور سفارتی مہم کام یاب نہیں ہوئی‘ پاکستان اور بھارت بھی مون سون میں بنے تھے‘

مہاجرین کو اس دوران کیا کیا مصیبتیں جھیلنا پڑیں تاریخ آج تک اس پر آنسو بہا رہی ہے لہٰذا بارش کی مصیبت اگر اچانک آئے تو یہ شاید واقعی مسئلہ ہو لیکن یہ عذاب اگر ہزاروں لاکھوں سالوں سے آ رہا ہے تو پھر سوال پیدا ہوتا ہے ہم نے اب تک اس کے تدارک کے لیے کیا کیا؟ ہماری تیاریاں اور بندوبست کہاں ہیں؟دنیا بھر کے لوگ اکتوبر کے مہینے میں رضائیاں اور سویٹر نکال کر سردیوں کی تیاریاں کر لیتے ہیں

اور مارچ شروع ہوتے ہی گرم کپڑے الماریوں میں پیک کر دیتے ہیں اور ہلکے لباس نکال لیتے ہیں لیکن ہم جس خطے میں رہ رہے ہیں وہاں ہر سال سیلاب آتا ہے اور ہم اس سیلاب کے لیے کیا تیاری کرتے ہیں؟ کیا ہم بارش سے پہلے اپنے پرنالے‘ پائپ‘ نالیاں‘ گٹڑ‘ جوہڑ‘ ندیاں‘ جھیلیں اور ڈیم چیک کرتے ہیں‘ کیا پاکستان میں کوئی ایسا ادارہ موجود ہے جو پورے ملک کی آبی گزرگاہوں کا ڈیٹا جمع کرتا ہو

اور جو لوگوں کو سیلاب سے پہلے گزر گاہوں سے دور ہٹنے اور اپنے مال مویشی بلند جگہوں پر لے جانے کا حکم دیتا ہو اور جس نے آج تک لوگوں کو آبی گزر گاہوں پر مکان‘ ڈیرے اور باڑے بنانے سے روکا ہو یا دریائوں اور نہروں کے کناروں پر فصلیں اگانے پر پابندی لگائی ہو یا جس نے حکومت اور پرائیویٹ سیکٹر کو پانی کا بہائو روکنے سے منع کیا ہو؟ دوسرا کیا ہم نے آج تک سیلاب زدگان کی مدد کے لیے

کوئی ٹھوس سسٹم بنایا؟ ملک میں ہر سال سیلاب آتا ہے اور قوم گھبرا کر این ڈی ایم اے کی طرف دیکھنے لگتی ہے اور این ڈی ایم اے فوج سے مدد مانگتی رہتی ہے‘ کیا یہ ہے ہمارا بندوبست؟ آپ نے کبھی اپنے آپ کو دوسری قوموں کے ساتھ جوڑ کر دیکھا‘ روس اور یوکرائن کی جنگ کی وجہ سے یورپ میں بجلی‘ پٹرول اور گیس کا بحران پیدا ہو رہا ہے‘ جرمنی کا خیال ہے ہمیں شاید سردیوں میں ملک میں بلیک آئوٹ کرنا پڑجائے لہٰذا حکومت نے آج سے ہی قوم کو تیار کرنا شروع کر دیا ہے‘

یہ سپورٹس سٹیڈیمز‘ ہاسٹلز‘ ریلوے سٹیشنز اور ملک بھر کے تمام گیسٹ ہائوسز اور ہوٹلوں کا جائزہ بھی لے رہی ہے اور یہ ان میں ہیٹنگ کے اجتماعی سسٹم بھی لگارہی ہے تاکہ اگر لوگ بڑھ جائیں تو انہیں بلیک آئوٹ کے دوران اکاموڈیٹ کیا جا سکے‘ انہیں سردی سے بچایا جا سکے‘ فرانس‘ برطانیہ اور اٹلی بھی اس قسم کے بندوبست کر رہا ہے‘ اللہ کے رحم سے میں نے آدھی دنیا دیکھی‘

دنیا بھر میں لوگ برف اور گرمی سے پہلے بندوبست کرتے ہیں‘ حکومتیں عوام کے لیے آگاہی مہم چلاتی ہیں اور ساری سرکاری مشینری کو ایکٹو کر کے ڈرل کرتی ہیں‘ امریکا میں ہر سال طوفان آتے ہیں‘ حکومت ہر طوفان سے قبل اس کا نام رکھتی ہے اور اس کا نام لے لے کر عوام کو اس کے بارے میں انفارمیشن دیتی ہے تاکہ عوام طوفان سے پہلے تیاری کر لیں‘ قطرینہ ہو یا ریٹا ہو یا پھر ڈیلٹا‘ ایلینا‘ویلما یا لوراہوں یہ سب طوفانوں کے نام ہیں‘ امریکا ایسا کیوں کرتا ہے؟

کیوں کہ ہم انسانوں کی نفسیات ہے ہم جب کسی آفت کا نام رکھ دیتے ہیں تو ہمارا خوف کم اور مصیبت سے لڑنے کا حوصلہ بڑھ جاتا ہے چناں چہ یہ لوگ آفت سے پہلے اس کا نام رکھ کر قوم کوتیار کر لیتے ہیں‘ ہم ایسا کیوں نہیں کرتے؟ہم اگر میزائلوں کے نام رکھ سکتے ہیں تو آفتوں کو نام کیوں نہیں دیتے؟۔میری حکومت سے درخواست ہے آپ مہربانی فرما کر کم از کم سیلابوں سے نبٹنے کا سسٹم تو بنا دیں‘

ہم مارچ میں بارشوں اور سیلابوں کی وارننگ جاری کرنا شروع کریں‘ ضلعی انتظامیہ آبی گزرگاہوں کا جائزہ لے اور جہاں جہاں رکاوٹ نظر آئے یہ اسے ہٹا دے‘ لوگوں کو محفوظ ٹھکانوں کے بارے میں بھی بتا دیا جائے اور فوڈ سپلائی کا سسٹم بھی بنا دیا جائے‘ ہم نے اگر نالے کھلے اور لمبے کرنے ہیں تو پھرایک ہی بار کر دیں‘ سیلابی بہائو پر جھیلیں‘ جوہڑ اور نالے بناتے چلے جائیں تاکہ جب پانی آئے تو یہ سیکڑوں نالوں‘

جوہڑوں اور جھیلوں میں تقسیم ہو جائے اور یوں اس کی تندی ختم ہو جائے گی‘ امریکا میں ہر رہائشی بلاک کے لیے بارشی پانی کا ذخیرہ بنانا لازم ہے‘ ہندوستان میں بھی ہزاروں سال تک بائولیاں اور تالاب بنائے جاتے تھے‘ ہم آج اسے دوبارہ قانون کیوں نہیں بناتے؟ ہائوسنگ سوسائٹیوں کے اپنے ڈیمز‘ جھیلیں اور ذخیرہ گاہیں بھی ہونی چاہییں‘ ان سے زیرزمین پانی کا لیول بھی بڑھے گا‘

جانوروں اور پودوں کو بھی پانی ملے گا اور ماحول بھی صاف ستھرا ہو جائے گا‘ ہم ہر سال کروڑوں کیوسک پانی ضائع بھی کرتے ہیں‘ یہ پانی بستیاں اور شہر بھی بہا لے جاتا ہے اور ہم لوگوں کی بحالی اور امداد پر بھی اربوں روپے خرچ کرتے ہیںاور یہ اخراجات ایک مستقل عمل ہے‘ ہم اگر ایک ہی بار چھوٹے چھوٹے ڈیمز‘ نالے اور جھیلیں بنا دیں تو ہم عوامی نقصان اور ہر سال کے خرچے دونوں سے بچ جائیں گے‘

آپ مہربانی فرما کر ایمرجنسی‘ ریلیف اور بحالی کو بچوں کے سلیبس میں بھی شامل کر دیں‘ آپ اسے سکولوں میں لازمی مضمون کی طرح پڑھائیں اور اس میں ایم اے اور پی ایچ ڈی بھی کرائیں تاکہ عوام کو بحالی‘ ریلیف اور ایمرجنسی کا علم ہو سکے‘ یورپ میں دو سو سال پہلے سیلاب آئے تھے اور 28 ملکوں نے اپنے سکولوں میں سوئمنگ کو لازمی قرار دے دیا تھا‘ آج یورپ کا ہر شخص تیرنا جانتا ہے‘

ہندوستان میں بھی پانچ سو سال پہلے تک پچاس فیصد لوگوں کو تیراکی آتی تھی‘ یہ سلسلہ مغلوں کی حکومت کے بعد بند ہو گیا‘ مغل پہاڑی علاقے سے آئے تھے‘ یہ تیراکی نہیں جانتے تھے چناں چہ انہوں نے اس پر توجہ نہیں دی اور یوں یہ روایت ختم ہو گئی‘ ہم آج یہ کیوں نہیں کر سکتے؟ ہم فلڈ ایریاز میں قصبوں کے لیول پر سرکاری پولز بنوائیں اور تمام سکولوں کے لیے سوئمنگ لازمی قرار دے دیں‘

بچے مختلف اوقات میں سوئمنگ سیکھیں‘ یہ بچے دو چار سال بعد تیراکی کی بہت بڑی فورس بن جائیں گے اور یہ اپنی اور اپنے خاندان کے ساتھ دوسروں کی جان بھی بچا لیں گے لیکن افسوس ہم من حیث القوم پلاننگ اور عقل دونوں سے محروم ہیں‘ ہم ماتمی قوم بن چکے ہیں اور ہمارے پاس ہر مسئلے کا صرف ایک ہی حل ہوتا ہے‘ ماتم لیکن سوال یہ ہے ہم آخر یہ ماتم بھی کتنی دیر کر سکیں گے؟آخر ہمیں کبھی نہ کبھی تو شرم کرنی پڑے گی مگر وہ وقت کب آئے گا؟ اللہ ہی جانتا ہے۔



کالم



23 سال


قائداعظم محمد علی جناح 1930ء میں ہندوستانی مسلمانوں…

پاکستان کب ٹھیک ہو گا؟

’’پاکستان کب ٹھیک ہوگا‘‘ اس کے چہرے پر تشویش…

ٹھیک ہو جائے گا

اسلام آباد کے بلیو ایریا میں درجنوں اونچی عمارتیں…

دوبئی کا دوسرا پیغام

جولائی 2024ء میں بنگلہ دیش میں طالب علموں کی تحریک…

دوبئی کاپاکستان کے نام پیغام

شیخ محمد بن راشد المختوم نے جب دوبئی ڈویلپ کرنا…

آرٹ آف لیونگ

’’ہمارے دادا ہمیں سیب کے باغ میں لے جاتے تھے‘…

عمران خان ہماری جان

’’آپ ہمارے خان کے خلاف کیوں ہیں؟‘‘ وہ مسکرا…

عزت کو ترستا ہوا معاشرہ

اسلام آباد میں کرسٹیز کیفے کے نام سے ڈونٹس شاپ…

کنفیوژن

وراثت میں اسے پانچ لاکھ 18 ہزار چارسو طلائی سکے…

ملک کا واحد سیاست دان

میاں نواز شریف 2018ء کے الیکشن کے بعد خاموش ہو کر…

گیم آف تھرونز

گیم آف تھرونز دنیا میں سب سے زیادہ دیکھی جانے…