ہفتہ‬‮ ، 28 دسمبر‬‮ 2024 

جاتے جاتے

datetime 5  اپریل‬‮  2022
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ملائیشیا میں 18 دسمبر 2019ء کوکوالالمپور سمٹ تھی‘اس کانفرنس کا آئیڈیا عمران خان نے اپنے سیاسی استاد مہاتیر محمد کو دیا تھا‘ ہمارے کپتان ملائیشیا کے ساتھ مل کر اسلامی دنیا کا نیا بلاک بنانا چاہتے تھے‘ مہاتیر کو آئیڈیا پسند آگیا‘تیاریاں مکمل ہو گئیں‘ اسلامی دنیا کے سربراہوں کو دعوت بھی دے دی گئی‘ عمران خان بھی جوش وجذبے کے ساتھ تیارہو گئے لیکن کانفرنس سے صرف چار دن قبل

برادر اسلامی ملک نے ہمارے وزیراعظم کو طلب کر لیا‘ ہمارے غیرت مند اور بہادر وزیراعظم 14 دسمبر کو تشریف لے گئے اور وہاں برادر ملک کے ولی عہد نے ہمارے خود مختار‘ باوقار اور غیرت مند وزیراعظم کو دو آپشن دیے‘ہماری رقم واپس کردیں اور نتائج بھگتنے کے لیے تیار ہو جائیں یا پھر ملائیشیا کو انکار کر دیں اور ہمارے نہ جھکنے اور نہ دبنے والے وزیراعظم نے ملائیشیا کا دورہ منسوخ کر دیا‘ مہاتیر محمد اور طیب اردگان دونوں نے عمران خان کو فون کیا لیکن ہمارے آزاد اور خودمختار وزیراعظم نے دونوں کو صاف جواب دے دیا‘ یہ ملائیشیا نہیں گئے‘ وزیراعظم صرف یہاں تک نہیں رہے بلکہ انہوں نے 21 جنوری 2020ء کو ڈیوس میں طیب اردگان سے ملاقات کی اور اردگان کو ملائیشیا نہ جانے کی وجہ بتا دی اور ترک صدر نے یہ وجہ پریس کانفرنس میں پوری دنیا کو بتا دی یوں ہماری رہی سہی عزت بھی خاک میں مل گئی اور ہم نے جس ملک کے لیے یہ خاک چاٹی تھی وہ بھی ناراض ہو گیا اور پھر جنرل قمر جاوید باجوہ کو اوپر تلے تین چار دورے کر کے تعلقات بحال کرنا پڑے۔میرا سوال یہ ہے کیا یہ غیرملکی مداخلت نہیں تھی اور ہم اگر اتنے ہی غیرت مند‘ خودمختار اور باوقار ہیں تو پھر ہم نے یہ مداخلت کیوں قبول کر لی تھی اور یہ دھمکی برادر ملک کے کسی افسر نے ہمارے سفیرکو نہیں دی تھی‘ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیراعظم کو طلب کر کے براہ راست حکم دیا گیا تھا اور ہم نے کان لپیٹ کر اس پر من وعن عمل کیا تھا‘ ہماری غیرت اس وقت کہاں تھی؟۔آپ اب دوسری مثال بھی ملاحظہ کیجیے‘ پاکستان تحریک لبیک نے ملک میں سات دھرنے دیے‘ آخری دھرنااکتوبر 2021ء میں دیا گیا اور اس میں چھ پولیس اہلکار شہید ہو گئے‘ ٹی ایل پی کا صرف ایک مطالبہ تھا فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے گستاخ رسول سیمویل پیٹی کی حمایت کر کے ہمارے جذبات کو ٹھیس پہنچائی لہٰذا فرنچ سفیر کو فی الفور ملک بدر کیا جائے‘

وزیراعظم نے قوم سے خطاب فرمایا تھا فرانس اکیلا نہیں ہے‘ ہم اگر فرنچ سفیر کو نکال دیتے ہیں تو یورپی یونین ہم سے جی ایس پی پلس کا سٹیٹس واپس لے لے گی اور یوں ہماری ایکسپورٹس ختم ہو جائیں گی‘ میں نے اس وقت وزیراعظم کی حمایت کی تھی‘ میں آج بھی سمجھتا ہوں ہم گلوبل ویلج کا حصہ ہیں اور ویلج کا کوئی گھر کسی دوسرے ویلج کے سفیر کو نکال کر سروائیو نہیں کر سکتا‘

ایمانویل میکرون کے ایک فعل سے ہم پوری فرنچ قوم کو برا نہیں کہہ سکتے‘ فرنچ سوسائٹی اور لوگ بے انتہا مہذب اور پڑھے لکھے ہیں۔ میں اپنا ویو چند لمحوں کے لیے سائیڈ پر رکھتا ہوں اور وزیراعظم کی مذہبی فلاسفی کی طرف چلتا ہوں اور سوال کرتا ہوں آپ اپنی ہر تقریر میں عشق رسولؐ ‘قومی خود مختاری اور وقار کا حوالہ دیتے ہیں پھر آپ 9 بلین یورو کی ایکسپورٹس کے ہاتھوں کیوں مجبور ہو گئے؟

آپ نے اس وقت توکل کا سہارا کیوں نہیں لیا! آپ نے اس وقت کیوں نہیں سوچا اللہ غیرت مند قوموں کی غیب سے مدد کرتا ہے؟ میں پچھلے آٹھ برس سے عرض کر رہا ہوں یہ لوگ ناتجربہ کار بھی ہیں‘ نااہل بھی اور متکبر بھی‘ وقت نے ثابت کر دیا میری بات غلط نہیں تھی‘ ان لوگوں نے جھوٹ پر جھوٹ بول کر ملک تباہ کر دیا‘ یہ لوگ حقیقتاً اس ملک کے خلاف سازش ہیں‘

آپ 2018ء کا پاکستان دیکھ لیں اور 2022ء کا ملک دیکھ لیں‘ یہ ملک کہاں سے کہاں آ گیا اور یہ شخص اگر مزید رہا تو یہ ملک میں خانہ جنگی سٹارٹ کرا دے گا‘ عمران خان اقتدار کے لیے کچھ بھی کر سکتا ہے‘ یہ ریاستی اداروں کے اندر بغاوت تک کرا سکتا ہے‘یہ جنگ تک چھیڑ سکتا ہے اور اس میں بھی اسے اگر اقتدار نظر آیا تو یہ ایٹم بم تک چلا دے گا‘ آپ کو اگر یقین نہ آئے تو آپ موجودہ بحران ہی کو دیکھ لیں۔امریکا میں ہمارے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے 7 مارچ کو دفتر خارجہ کو ایک مراسلہ بھجوایا تھا‘

میں بات آگے بڑھانے سے پہلے ڈاکٹر اسد مجید اور مراسلوں کا تعارف بھی کراتا چلوں‘ اسد مجید کیریئر ڈپلومیٹ ہیں‘ جاپان میں سفیر رہے‘ جاپانی زبان بھی جانتے ہیں اور انہوں نے جاپان سے پی ایچ ڈی بھی کی‘ وزارت خارجہ میں عزت کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں‘ سینئر ترین سفیروں میں شامل ہیں‘ یہ ایک مشکل ترین وقت میں امریکا میں پاکستان کے سفیر تھے اور دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی بہتری چاہتے تھے‘

دنیا بھر کے سفیر روزانہ اپنے ملکوں میں مراسلے بھی بھجواتے ہیں‘ ان میں ملکوں کے احوال بھی ہوتے ہیں اور تعلقات کی نئی جہتیں بھی‘ مراسلے عموماً تین قسم کے ہوتے ہیں‘ پہلی قسم میں سفیر صرف احوال یا ملاقات کے نقاط (منٹس) لکھ کر بھجوا دیتے ہیں‘ دوسری قسم میں نقاط کے ساتھ اپنی رائے بھی لکھ دیتے ہیں اور تیسری قسم میں یہ آخر میں مشورہ بھی دے دیتے ہیں‘

یہ مراسلے خفیہ الفاظ میں ہوتے ہیں جنہیں سفارتی زبان میں سائفر (Cypher) کہا جاتا ہے‘ وزارت خارجہ میں پورا ایک یونٹ ہے جو مراسلوں کو ڈی سائفر کرتا ہے اور پھر اسے افواج پاکستان‘ خفیہ اداروں اور وزیراعظم ہائوس کو بھجوا دیتا ہے‘ سفیر اسد مجید نے بھی سات مارچ کو ایک مراسلہ بھجوایا جس میں انہوں نے سائوتھ اینڈ سنٹرل ایشین افیئرز کے اسسٹنٹ سیکرٹری ڈونلڈ لو (Donald Lu) کے ساتھ اپنی ملاقات کا احوال لکھا‘

میں یہاں آپ کو ڈونلڈ لو کے بارے میں بھی بتاتا چلوں‘یہ بھی کیریئر ڈپلومیٹ ہیں‘ یہ 1992-94 ء میں پشاور میں تعینات رہے‘ بھارت میں چارج ڈی افیئرز رہے‘ کشمیر پر بھی کام کرتے رہے‘ یہ پاک بھارت تعلقات کے ایکسپرٹ بھی ہیں‘ ڈونلڈ لو جارجیا‘ کرغزستان‘ آذر بائیجان اور البانیہ میں سفیر بھی تعینات رہے‘ صدر جوبائیڈن نے انہیں سائوتھ اینڈ سنٹرل ایشیا کا اسسٹنٹ سیکرٹری تعینات کر دیا‘

یہ اردو اور ہندی کے ساتھ ساتھ آٹھ زبانیں بول سکتے ہیں‘ سفارت کار ہیں لہٰذا ان سے غیر سفارتی زبان کی توقع نہیں کی جا سکتی اور اگر یہ ہو بھی تو یہ کوئی بہت بڑے افسر نہیں ہیں‘ ان کے پاس 13 ملک ہیں اور امریکا میں اس وقت اس لیول کے اڑھائی سو آفیسرز ہیں اور ان کی بات کسی بھی طرح امریکا کی پالیسی نہیں ہوتی‘بہرحال ہمارے سفیر کے ساتھ ان کی ملاقات ہوئی اور سفیر نے اس ملاقات کا مراسلہ بھجوادیا اور وزیراعظم نے اس میں میاں نواز شریف بھی ڈال دیا‘ عالمی سازش بھی‘ دھمکی بھی‘

غیرت بھی اور پیسہ بھی اور اس کے بعد دے مار اور ساڑھے چار‘ عمران خان نے جاتے جاتے اپنے چھوٹے سے سیاسی مقصد کے لیے پورے ملک کو دائو پر لگا دیا۔ہمیں یہاں یہ بھی ماننا ہو گا عمران خان نے اس بے ضرر سے مراسلے کو بڑی خوب صورتی سے اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا‘ ان کی پاپولیرٹی میں بھی اضافہ ہوا اور اس نے اپوزیشن کو پریشان بھی کر دیا لیکن یہ پھر جذبات کی

رو میں وہ غلطی کر بیٹھے جس سے اب ان کا سیاسی کیریئر دائو پر لگ جائے گا‘ میرے ایک دوست نے کل بڑا خوب صورت فقرہ کہا تھا ’’وزیراعظم نے اپنی منجی خود ہی ٹھونک دی‘‘یہ معاملہ اگر تقریروں تک رہتا تو عمران خان کو فائدہ ہوتا رہتا لیکن حکومت نے ڈپٹی سپیکر قاسم سوری سے آرٹیکل پانچ کی رولنگ دلا کر مراسلے کے ایشو کو قانونی شکل دے دی اور یہ ایشو سپریم کورٹ پہنچ گیا‘

عمران خان کو اب مراسلہ عدالت میں بھی پیش کرنا پڑے گا‘ اسے سازش بھی ثابت کرنا ہوگا‘ میاں نواز شریف اور اپوزیشن کے کردار کے ثبوت بھی دینے ہوں گے اور وہ رقم بھی ثابت کرنا پڑے گی جو باہر سے آئی تھی اور اس سے ایم این ایز خریدے گئے تھے‘عدالت اب آئی ایس آئی اور آئی بی کے نمائندوں کو بھی بلائے گی‘ اٹارنی جنرل کو بھی اور سفیر اسد مجید کو بھی اور یوں وزیراعظم کے ساتھ ساتھ صدر عارف علوی‘ سپیکر اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم سوری چاروں پھنس جائیں گے‘

اب انہیں پینتیس پنکچرز کی طرح ہر فورم پر جواب بھی دینا ہوگا‘ معافی بھی مانگنی پڑے گی اور سزائیں بھی بھگتنا ہوں گی لہٰذا عمران خان نے کریز سے نکل کر وہ غلطی کر دی جس سے ملک کے ساتھ ساتھ یہ خود بھی بے عزت ہو جائیں گے‘ ان پر آرٹیکل چھ کی کارروائی شروع ہو جائے گی۔یہ لوگ اب قصہ پارینہ بن چکے ہیں‘ یہ آپ کو چند دنوں میں دنیا کے مختلف ملکوں یا ایک عدالت سے دوسری عدالت میں دوڑتے پھرتے نظر آئیں گے تاہم یہ جاتے جاتے ملک کا بیڑہ غرق کر گئے ‘

یہ ملک کو اندر اور باہر دونوں جگہوں سے کھوکھلا کر گئے ہیں‘ یہ اس کا رہا سہا بھرم بھی ساتھ لے گئے ہیں‘ آپ کو مستقبل قریب میں انکشافات حیران کر دیں گے‘ آپ مستقبل کو سائیڈ پر رکھ دیں اور صرف یہ جواب دے دیں عدالت جب سفیر اسد مجید کو طلب کرے گی تو کیا اس کے بعد ہمارا کوئی سفیر مراسلہ بھجوانے کی جسارت کرے گا اور اگر سفیر مراسلے نہیں بھجوائیں گے تو پھر ہمیں وزارت خارجہ کی کیا ضرورت ہے؟ لہٰذا آپ نے جاتے جاتے اپنے عارضی فائدے کے لیے پوری سفارتی کور تباہ کر دی‘ اس کا جواب کون دے گا‘ اس کا ذمہ دار کون ہوگا؟

آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں


کالم



کرسمس


رومن دور میں 25 دسمبر کو سورج کے دن (سن ڈے) کے طور…

طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے

وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…

بے چارہ گنڈا پور

علی امین گنڈا پور کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو…

پیلا رنگ

ہم کمرے میں بیس لوگ تھے اور ہم سب حالات کا رونا…

ایک ہی بار

میں اسلام آباد میں ڈی چوک سے تین کلومیٹر کے فاصلے…