جمعہ‬‮ ، 27 دسمبر‬‮ 2024 

گریٹ ٹریجڈی

datetime 27  ‬‮نومبر‬‮  2015
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ادریس جالا ملائیشیا سے تعلق رکھتے ہیں‘ یہ مذہباً عیسائی ہیں‘ یہ گورنمنٹ لنکڈ کمپنیز (جی ایل سی) کے سربراہ رہے‘ جی ایل سی ملائیشیا کی طاقتور کمپنیوں کا گروپ ہے‘ ملائیشیا کی سٹاک مارکیٹ کا 36 فیصد حصہ اس گروپ کے پاس ہے‘ یہ دنیا کے طاقتور ترین گروپوں میں بھی شمار ہوتا ہے‘ جالا اس گروپ کے سربراہ تھے‘ انہوں نے گروپ کو ملک کا طاقتور ترین ادارہ بنا دیا‘ یہ ”بگ فاسٹ رزلٹ میتھڈالوجی“ کے ایکسپرٹ ہیں‘ ان کا فلسفہ ہے‘ آپ اگر بڑے منصوبوں سے جلد نتائج حاصل کرلیں تو آپ پورا کھیل تبدیل کر سکتے ہیں‘ مہاتیر محمد ادریس جالا کے بہت بڑے فین ہیں‘ یہ اپنے دور میں حکومت کے مختلف منصوبوں پر جالا سے مشورے کرتے تھے‘ مشاورت کا یہ عمل مہاتیر محمد کے بعد بھی جاری رہا‘ وزیراعظم عبداللہ بداوی نے انہیں اپنی ٹیم کا باقاعدہ حصہ بنا لیا‘ 2005ءمیں ملائیشین ائیر لائین شدید خسارے کا شکار تھی‘ حکومت نے ادریس جالا کو اس کا سربراہ بنا دیا‘ انہوں نے دو سال میں نہ صرف ائیر لائین کو خسارے سے نکال لیا بلکہ کمپنی کو منافع بخش بھی بنا دیا‘ حکومت نے 2009ءمیں پرفارمنس‘ مینجمنٹ اینڈ ڈیلیوری یونٹ بنایا‘ یہ ادارہ حکومت کی مینجمنٹ‘ پرفارمنس اور سرکاری منصوبوں کی ڈیلیوری تیز کرنے کےلئے بنایا گیا تھا‘ ادریس جالا کو اس یونٹ کا سربراہ بنا دیا گیا‘ ان کا سٹیٹس وفاقی وزیر کے برابر ہے‘ ادریس جالا نے اپنی بگ فاسٹ رزلٹ میتھڈالوجی کا بھرپور استعمال کیا اور سرکاری منصوبوں کو پر لگ گئے‘ ملائیشیا تجارت اور صنعت کے ساتھ ساتھ زرعی طاقت بھی بن گیا۔
منصوبہ بندی کے وفاقی وزیر احسن اقبال نے وفاقی سیکرٹریوں اور وزراءکی ٹریننگ کےلئے ادریس جالا کو پاکستان بلایا‘ یہ 10 ستمبر 2013ءکو پاکستان تشریف لائے‘ انہوں نے 11 ستمبر کو پلاننگ کمیشن میں بگ فاسٹ رزلٹ تھیوری پر لیکچر بھی دیا اور وفاقی سیکرٹریوں کو کامیاب حکومتوں کی کامیاب پالیسیوں کی ٹریننگ بھی دی‘ ادریس جالا نے ٹریننگ سیشن کے دوران انکشاف کیا‘ ملائیشیا کے وزیراعظم روزانہ ناشتے کی میز پر دو وفاقی سیکرٹریوں سے ملاقات کرتے ہیں‘ ملاقات کے دو سیشن ہوتے ہیں‘ سیکرٹری پہلے سیشن میں وزیراعظم کو جاری منصوبوں کی پراگریس بتاتے ہیں‘ دوسرے سیشن میں مستقبل کے منصوبوں پر بات ہوتی ہے‘ میں وزیراعظم کے ہر ناشتے پر موجود ہوتا ہوں‘ میں ساتھ ساتھ نوٹس لیتا رہتا ہوں‘ ناشتے کے ساتھ ہی یہ میٹنگ ختم ہو جاتی ہے‘ میں اس کے بعد میٹنگ میں ہونے والے فیصلوں کے منٹس بناتا ہوں‘ یہ منٹس تمام متعلقہ اداروں کو بھجوا دیئے جاتے ہیں اور یوں ان فیصلوں پر اسی دن عمل شروع ہو جاتا ہے‘ اگلے دن دو نئے سیکرٹری ناشتے پر مدعو ہوتے ہیں اور یہ دونوں بھی دو سیشن میں اپنے اپنے محکموں کے ”آن گوئنگ“ پراجیکٹس کی پراگریس بتاتے ہیں اور مستقبل کے منصوبے ڈسکس کرتے ہیں اور میں منٹس بنا کر اسی طرح مختلف محکموں اور اداروں کو بھجوا دیتا ہوں‘ ادریس جالا کا کہنا تھا‘ پاکستان کے پاس منصوبوں کی کمی نہیں‘ آپ کے پاس درجنوں شاندار منصوبے موجود ہیں‘ آپ کا مسئلہ عمل درآمد ہے‘ آپ کو چاہیے‘ آپ ”امپلی منٹیشن“ کا فول پروف اور تیز ترین سسٹم بنائیں‘ آپ چند برسوں میں ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہو جائیںگے‘ ادریس جالا کے لیکچر کے دوران ایک سیکرٹری نے دوسرے سیکرٹری کے کان میں سرگوشی کی ”کیا وزیراعظم نواز شریف نے آج تک تمہیں ملاقات کے قابل سمجھا“ سیکرٹری نے سرگوشی میں جواب دیا‘ وزیراعظم میرے نام اور میری شکل دونوں سے واقف نہیں ہیں‘ اس سیکرٹری نے یہ سوال بائیں جانب بیٹھے سیکرٹری سے بھی پوچھا‘ اس کا جواب تھا‘ وزیراعظم نے ایک بار میٹنگ کےلئے بلایا تھا لیکن وہ میٹنگ کینسل ہو گئی تھی‘ اس کے بعد سرگوشی کا یہ عمل آگے چل پڑا‘ یہ سوال ہر سیکرٹری کے کان تک پہنچا اور ہر سیکرٹری کا جواب ناں تھا‘ اس سیشن میں 25 وفاقی سیکرٹری اور چیئرمین موجود تھے‘ صرف دو نے ہاں میں سر ہلایا‘ چیئرمین ایف بی آر نے بتایا‘ میں نے ایک بار اسحاق ڈار صاحب کے ساتھ وزیراعظم سے ملاقات کی جبکہ دوسرے سیکرٹری کا جواب تھا‘ میں درجنوں مرتبہ وزیراعظم سے ملا ہوں‘ یہ اعتراف سن کر سب کی ہنسی نکل گئی‘ کیوں؟ کیونکہ وہ مواصلات کے سیکرٹری تھی اور وزیراعظم ان کی مدد کے بغیر سڑکیں اور موٹر ویز نہیں بنا سکتے تھے چنانچہ ان سے ملاقات لازم تھی اور یہ ملاقاتیں ہو رہی تھیں‘ باقی تمام سیکرٹریز ادریس جالا سے ”بگ فاسٹ رزلٹ“ کا فلسفہ سمجھ رہے تھے‘ یہ آج بھی اپنے دفتروں میں فارغ بیٹھ کر ادریس جالا کے فارمولے کے نوٹس پڑھتے ہیں‘ اپنی ریٹائرمنٹ کا انتظار کرتے ہیں اور سرکاری پلاٹ پر مکان بنانے کی منصوبہ بندی کرتے ہیں‘ وزیراعظم کبھی ان سے پہلے ملے‘ نہ آج مل رہے ہیں اور نہ ہی یہ مستقبل میں ان سے ملیں گے‘ کیوں؟ کیونکہ ملک اور عوامی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں ہیں۔
میاں نواز شریف کی نفسیات پر پے درپے ناکامیوں‘ دوبار حکومتوں سے برخاستگی اور طویل جلاوطنی نے برے اثرات چھوڑے ہیں‘ یہ اب کسی پر اعتماد نہیں کرتے‘ انہوں نے اپنے گرد حصار کھینچ لیا ہے‘ یہ خود اس حصار سے باہر نکلتے ہیں اور نہ ہی کسی دوسرے کو اس میں پاﺅں رکھنے دیتے ہیں‘ یہ خارجہ امور اور دفاع جیسی وزارتیں بھی کسی کے ساتھ شیئر کرنے کےلئے تیار نہیں ہیں‘ وفاقی سیکرٹری تو رہے دور یہ اپنے وزراءتک سے ملاقات نہیں کرتے‘ کچن کیبنٹ بھی اب سمٹ کر دو وزراءتک محدود ہو چکی ہے‘ یہ رات چھ سے آٹھ بجے کے دوران بیڈ روم میں چلے جاتے ہیں اور پھر صبح تک کےلئے تمام رابطے منقطع ہو جاتے ہیں‘ ملک میں اگر کوئی ہنگامی صورتحال پیش آ جائے تو صرف اسحاق ڈار واحد شخص ہیں جو وزیراعظم کے دروازے پر دستک دے سکتے ہیں اور یہ بھی اپنا یہ استحقاق سال چھ ماہ میں ایک آدھ بار استعمال کرتے ہیں جبکہ ان کے مقابلے میں یوسف رضا گیلانی اپنی تمام تر بیڈ گورننس اور کرپشن کے الزامات کے باوجود ہزار درجے بہتر تھے‘ آپ پاکستان پیپلز پارٹی کے کسی وزیر سے پوچھ لیں‘ یہ گواہی دے گا ‘گیلانی صاحب کے وزراءرات بارہ ایک بجے وزیراعظم ہاﺅس جا کر وزیراعظم کو جگا لیتے تھے‘ وزیراعظم سلیپنگ سوٹ میں ان سے ملتے تھے‘ وزیر قانون اور سیکرٹری قانون کو جگا کر بلوایا جاتا تھا اور ان سے رات کے وقت نوٹیفکیشن جاری کرادیا جاتا تھا‘ وفاقی سیکرٹری اور چیف سیکرٹری بھی ہنگامی حالت میں ان سے کسی بھی وقت رابطہ کر سکتے تھے‘ یہ دل کے بھی کھلے تھے‘ میاں شہباز شریف نے آصف علی زرداری اور وفاقی حکومت کے بارے میں کیا کیا نہیں کہا اور کیا کیا نہیں کیا لیکن گیلانی صاحب نے اس کے باوجود ان پر اپنے دروازے بند نہیں کئے‘ یہ ان سے ملتے بھی تھے اور ان کے کام بھی کرتے تھے‘ پاکستان مسلم لیگ ن نے 2013ءکا الیکشن لاہور کی میٹرو دکھا کر لڑا تھا‘ میٹرو کے معاملے میں اگر یوسف رضا گیلانی میاں شہباز شریف کی مدد نہ کرتے‘ یہ وفاقی اداروں کو ” کوآپریشن“ کا حکم نہ دیتے تو پنجاب حکومت کبھی یہ منصوبہ مکمل نہ کر پاتی‘ یہ ایک حقیقت ہے اور دوسری حقیقت جنرل پرویز مشرف کی ٹیم ہے‘ جنرل مشرف بلاشبہ آمر تھے اور ہم نے آمر کی حیثیت سے ہمیشہ ان کی محالفت کی لیکن جہاں تک ان کی ٹیم کا معاملہ ہے تو وہ واقعی شاندار تھی‘ جنرل مشرف نے چن چن کر ماہر لوگوں کو اپنے گرد جمع کر لیا تھا‘ یہ ادریس جالا جیسے لوگ تھے اور ان لوگوں نے حقیقتاً کمال کیا‘ افسوس ہم آمر کا تو کچھ نہ بگاڑ سکے لیکن ہم نے اس کی ٹیم کے ساتھ بھارتی جاسوس جیسا سلوک کیا‘ جنرل مشرف کے بعد دو جمہوری حکومتیں آ چکی ہیں‘ یہ دونوں حکومتیں آج تک عبداللہ یوسف جیسا چیئرمین ایف بی آر اور کامران لاشاری جیسا دوسرا چیئرمین سی ڈی اے نہیں لا سکیں‘ باقی وزراءاور چیئرمین دور کی بات ہیں‘ جنرل مشرف اور شوکت عزیز جیسے بھی تھے لیکن انہوں نے بہرحال ڈیلیور کیا تھا‘ شوکت عزیز نے ملکی تاریخ میں پہلی بار آئی ایم ایف کا قرضہ ختم کر دیا تھا‘ اگر فوجی حکومتیں ایسے لوگ تلاش کر سکتی ہیں تو یہ لوگ جمہوری حکومتوں کو کیوں نہیں ملتے؟ حکومتیں ختم ہونے کے بعد ماہر اور تجربہ کار بیورو کریٹس اور سیاستدانوں کی قومیت کیوں مشکوک ہو جاتی ہے اور ڈاکٹر عطاءالرحمن جیسے لوگ اچھوت کیوں ہو جاتے ہیں؟ ہم نے کبھی سوچا؟ ہماری حالت یہ ہے‘ ہم گورننس سیکھنے کےلئے ادریس جالا کو ملائیشیا سے بلا لیتے ہیں لیکن ہم شوکت عزیز سے یہ نہیں پوچھتے‘ آپ نے ایک چیک کے ذریعے آئی ایم ایف کے سارے قرضے کیسے ادا کر دیئے تھے؟ ہم عبداللہ یوسف سے یہ نہیں پوچھتے ” آپ کے دور میں ٹیکس وصولی کی شرح کیسے بڑھ گئی تھی“ اور ہم کامران لاشاری کو بلا کر ان سے نہیںپوچھتے ” آپ نے اضافی بجٹ کے بغیر اسلام آباد کو کیسے ٹھیک کر لیا تھا“ ہمارے وزیراعظم کے پاس دنیا جہاں کے لوگوں کےلئے وقت ہے‘ یہ کامیابی اور گورننس کے کلیے سیکھنے کےلئے دنیا بھر میں مارے مارے پھرتے ہیں لیکن انہوں نے کبھی وزراءاور وفاقی سیکرٹریوں کو بلا کر نہیں پوچھا ”ہم ملک کیسے چلا سکتے ہیں اور کون کون سا منصوبہ زیر التواءہے“ دنیا کےلئے ہمارے پاس بہت وقت ہے لیکن گھر والوں سے ملاقات کےلئے ابھی سورج ہی طلوع نہیں ہوا‘ ہم ان رویوں کے ساتھ ملک کیسے چلائیں گے؟ کیا کسی کے پاس کوئی جواب ہے؟
میرا خدشہ ہے‘ یہ ملک میں کسی نیشنل پارٹی کی آخری حکومت ہے‘ اس کے بعد کمزور حکومتیں آئیں گی اور وہ اپنی دھوتیاں سنبھالنے کے سوا کچھ نہیں کر سکیں گی چنانچہ جو کچھ کرنا ہے‘ ان لوگوں نے کرنا ہے‘ یہ زور بھی بہت لگا رہے ہیں‘ ایوب خان کے بعد ملک میں پہلی بار انفراسٹرکچر کے اتنے بڑے منصوبے شروع ہوئے ہیں‘ یہ لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی بھی ختم کر دیں گے لیکن سوال یہ ہے‘ جب سپرنگ واپس اپنی پوزیشن پر جائے گا تو ان میٹروز‘ ان ہائی ویز‘ ان انڈر پاسز اور ان راہ داریوں کی کیا صورتحال ہو گی؟ انسانوں اور انسانی معاشروں کو ڈویلپ کرنا بھی حکومتوں اور لیڈروں کی ذمہ داری ہوتی ہے اور ہمارے وزیراعظم یہ ذمہ داری نہیں نبھا رہے‘ یہ ذمہ داریاں نبھانے کےلئے وزیراعظم کا دستیاب ہونا ضروری ہوتا ہے اور وزیراعظم اپنے وزراءہی کو دستیاب نہیں ہیں‘ مجھے افسوس سے کہنا پڑتا ہے‘ میاں نواز شریف کی پرسنیلٹی میں وزارت عظمیٰ اور لیڈر شپ دونوں ختم ہو رہی ہیں اور یہ صرف میاں نواز شریف کےلئے خطرناک نہیں بلکہ پورے ملک کےلئے ٹریجڈی ہے‘ گریٹ ٹریجڈی چنانچہ میرا مشورہ ہے‘ وزیراعظم یا تو جاگ جائیں یا پھر دوبئی میں آصف علی زرداری کے ساتھ والا گھر خرید لیں کیونکہ اس بار کوئے یار سے نکلنے کے بعد کوچہ ملامت کے سوا کوئی ٹھکانہ نہیں ہو گا اور دنیا میں اس وقت دوبئی سے بڑا کوئی کوچہ ملامت نہیں۔



کالم



کرسمس


رومن دور میں 25 دسمبر کو سورج کے دن (سن ڈے) کے طور…

طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے

وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…

بے چارہ گنڈا پور

علی امین گنڈا پور کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو…

پیلا رنگ

ہم کمرے میں بیس لوگ تھے اور ہم سب حالات کا رونا…

ایک ہی بار

میں اسلام آباد میں ڈی چوک سے تین کلومیٹر کے فاصلے…