بیجنگ(این این آئی)چین میں ایک خاتون گورنر کو عملے کے 58 ملازمین کے ساتھ رومانوی تعلقات قائم کرنے کے الزام میں جیل بھیج دیا گیا۔چینی میڈیا کے مطابق خاتون عہدیدار ژونگ یانگ کو رومانوی تعلقات قائم کرنے پر 13 سال قید اور تقریبا 1.18 کروڑ روپے (10 لاکھ یوآن) جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔وہ چینی کمیونسٹ پارٹی کی گورنر اور ڈپٹی سکریٹری کے طور پر صوبہ Guizhou کے صوبہ Qiannan میں عہدوں پر فائز تھیں۔ تاہم، ان کا کیریئر سکینڈل کی وجہ سے متاثر ہوا۔ اس پر تقریبا 60 ملین یوآن رشوت لینے اور 58 مردوں کے ساتھ نامناسب تعلقات قائم کرنے کا الزام ہے۔52 سالہ ژونگ یانگ نے 22 سال کی عمر میں کمیونسٹ پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔
چینی میڈیا کے مطابق ایک دستاویزی فلم میں ژونگ یانگ کے خلاف الزامات کو اٹھایا گیا تھا۔خاتون گورنر پر کئی مواقع پر نظم و ضبط اور قانون کی خلاف ورزیوں کا بھی الزام عائد کیا گیا تھا۔خاتون گورنر ژونگ کو اپریل 2023 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ بعد ازاں ستمبر میں انہیں عہدے سے فارغ کیا گیا اور سی پی سی سے بھی نکال دیا گیا۔ وہ نیشنل پیپلز کانگریس میں بھی اپنا عہدہ کھو بیٹھیں۔