اوسلو(این این آئی) ناروے کی شہزادی کی اپنی ‘روحانی پیشوا’ سے شادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ ناروے کی شہزادی مارتھا لوئیس(آج) ہفتے کے روز خود ساختہ شمن ڈیوریک ویریٹ سے شادی کرنے والی ہیں، یہ شادی آلٹرنیٹ تھراپی کے دو عقیدت مندوں کا ایسا ملن ہو گا جس نے ناروے میں لوگوں کو حیران کر دیا ہے۔52 سالہ طلاق یافتہ مارتھا لوئیس غیب کا علم رکھنے کی صلاحیت کی دعویدار ہیں جو فرشتوں کے ساتھ بات کر سکتی ہیں، اپنے اس تحفے کا انہوں نے کتابوں اور کورسز کی شکل میں فائدہ اٹھایا ہے۔کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے 49 سالہ ویریٹ خود کو”چھٹی پیڑھی کا شمن” کہتے ہیں اور بیش قیمت طلائی زیور فروخت کرتے ہیں جن کے بارے میں ان کا دعویٰ ہے کہ یہ خریدار کی جان بچا سکتے ہیں۔
جون 2022ء میں جوڑے نے اپنی منگنی کا اعلان کرنے کے بعد مارتھا لوئیس نے انسٹاگرام پر کہا، میں بہت روحانی ہوں، کسی ایسے شخص کے ساتھ رہنا بہت اچھا لگتا ہے جو اسے قبول کرے۔یہ جوڑا ناروے کے مغربی ساحلی علاقے میں ایک طویل تنگنائے کے ساحل پر واقع ایک خوبصورت گاؤں گیرانگر کی پہاڑیوں کے ایک ہوٹل میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گا۔دونوں کی شادی کے جشن اور تقریبات کا آغاز جمعرات کو ایک تقریب سے ہوا جس میں سویڈن کی ولی عہد شہزادی وکٹوریہ اور ان کے شوہر پرنس ڈینیئل سمیت 350 سے زائد مہمانوں نے شرکت کی۔