مدینہ منورہ(این این آئی)حج سیزن کے اختتام کے بعد مسجد نبوی میں ایک ہفتے کے دوران 51 لاکھ سے زیادہ زائرین کی آمد ریکارڈ کی گئی ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے نے مسجد نبوی امور کی جنرل اتھارٹی کے حوالے سے بتایا کہ ایک ہفتے کے دوران 51 لاکھ 7 ہزار 933 زائرین مسجد نبوی آئے۔اس مدت کے دوان 5 لاکھ 82 ہزار 361 زائرین نے روضہ رسول پر حاضری دی۔
ریاض الجنہ میں 2 لاکھ 59 ہزار 459 مرد و خواتین نے نماز ادا کی۔اتھارٹی کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران 1570 ٹن زم زم استعمال کیا گیا۔ اسی طرح روزہ داروں کے لیے مختلف جگہوں پر ایک لاکھ 40 ہزار 822 افطار پیکٹ تقسیم کئے گئے۔اتھارٹی کا کہنا تھا کہ متعدد زبانوں میں مواصلاتی خدمات سے دنیا کے مختلف حصوں سے آئے 1 لاکھ 35 ہزار 56 افراد نے استفادہ کیا۔اس عرصہ کے دوران مسجد نبویۖ اور اس کے صحنوں کی صفائی کے لیے جراثیم کش ادویہ کا استعمال کیا گیا جن میں 1684346 لیٹر ڈٹرجنٹ شامل ہے،جبکہ مسجد نبوی کے لیبارٹری ڈیپارٹمنٹ نے 219 اشیاکے نمونوں کا تجزیہ کیا۔