لندن (این این آئی)پاکستانی نوبل انعام یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی نے برطانوی ویب سیریز میں اداکاری کرنے پر کہا ہے کہ میں آخر کار اپنے اندر چھپی صلاحتیوں کو دکھا رہی ہوں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ملالہ یوسفزئی کی برطانوی میوزیکل کامیڈی ویب سیریز وی آر لیڈی پارٹس کی پہلی جھلک جاری ہوتے ہی وائرل ہوگئی ۔ملالہ یوسفزئی کو بہت جلد فلمی اسکرین پر کا گرل کے روپ میں دیکھا جائے گا۔ملالہ یوسفزئی ایکسٹرا کریکیولر نامی فلم پروڈکشن ہائوس کے ذریعے اداکاری کے شعبے میں قدم رکھ رہی ہیں، وہ ویب سیریز وی آر لیڈی پارٹس کے سیزن 2 میں نظر آئیں گی۔
ویب سیریز کا یہ دوسرا سیزن گزشتہ روز سے امریکی اور برطانوی چینلز پر نشر کیا جا چکا ہے جس میں ملالہ یوسفزئی مختصر کردار میں دکھائی دیں گی۔ملالہ یوسفزئی نے حال ہی میں اپنی ویب سیریز اور اداکاری کے آغاز سے متعلق غیر ملکی میڈیا برٹش ووگ کو خصوصی انٹرویو دیا ہے۔ملالہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کبھی بھی شو (فلمی پروجیکٹس)میں آنے کی توقع نہیں تھی، میں آخرکار اپنی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو ظاہر کر رہی ہوں۔ملالہ یوسفزئی نے انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ انہیں ماضی سے اداکاری کا شوق تھا۔واضح رہے کہ میوزیکل کامیڈی ویب سیریز وی آر دی لیڈی پارٹس کا پہلا سیزن مئی 2021 میں ریلیز کیا گیا تھا۔
اس ویب سیریز کی کہانی مسلم نوجوان لڑکیوں کی جدوجہد کے گرد گھومتی ہے جو متعدد مسائل کے باوجود میوزک کی دنیا میں اپنا نام کمانے میں کامیاب ہوجاتی ہیں۔ویب سیریز کی کہانی ندا منظور سمیت متعدد مصنفین نے لکھی ہے تاہم اس کا خیال ندا منظور نے اپنے لندن کے تجربات کی روشنی میں دیا تھا۔ویب سیریز کے تمام کردار مسلمان لڑکیوں کے ہیں لیکن تمام کرداروں کو مختلف رنگ و نسل اور ثقافت سے دکھایا گیا ہے لیکن تمام کردار برطانیہ میں پلے بڑھے ہوتے ہیں۔