مدینہ منورہ(این این آئی)ہر سال رمضان المبارک میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی ۖ آنے والے زائرین کی تعداد میں اضافہ ہوجاتا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق رواں رمضان المبارک کے پہلے عشرے کے دوران تقریبا 1 کروڑ کے قریب زائرین مسجد نبوی آئے جبکہ ساڑھے 7 لاکھ کے قریب خوش نصیب افراد نے روضہ رسولۖ پر حاضری دی۔
مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کی جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے پہلے عشرے کے دوران مسجد نبوی نے مجموعی طور پر 98 لاکھ 18 ہزار 474 زائرین اور نمازیوں کا استقبال کیا۔عرب میڈیا کے مطابق رمضان کے پہلے عشرے کے دوران 7 لاکھ 39 ہزار 702 زائرین نے روضہ رسول ۖ پر حاضری دی۔
اس دوران زائرین میں آب زمزم کی ایک لاکھ 95 ہزار 800 بوتلیں تقسیم کی گئیں اور 29 لاکھ 8 ہزار 530 افطار پیکٹس روزے داروں میں تقسیم کیے گئے۔اتنی بڑی تعداد میں مسجد نبوی میں زائرین کا استقبال اعلی معیاری سہولیات کے ساتھ کیا گیا اور انہیں اعلی معیار کی خدمات فراہم کی گئیں۔