ووہان(اے پی پی)چین کے شہر ووہان جہاں سے کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کا آغاز ہوا تھا کے حکام نے آئندہ منگل سے تمام سکول کھولنے کا اعلان کر دیا۔ حکام کے مطابق شہر کے 2842 سکولوں میں 14 لاکھ بچے زیر تعلیم ہیں۔ حکام نے بچوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سکول جانے اور آنے کے دوران ماسک لازما پہنیں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے سفر سے حتی الوسع گریز کریں۔ہر سکول کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بچوں کو
غیر ضروری طور پر ایک جگہ جمع نہ ہونے دیں اور بچوں کی صحت کے حوالہ سے رپورٹس روزانہ کی بنیاد پر جمع کروائیں۔ حکام نے مزید ہدایت کی ہے کہ سکولوں میں ضروری ادویات اور طبی آلات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور بچوں کو کورونا وائرس کی وبا کے حوالہ سے آگاہی دی جائے۔ حکام نے مزید کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کی کسی ممکنہ نئی لہر کی صورت میں آن لائن کلاسز کے انتظامات بھی کئے جائیں۔