اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)دبئی کے شہزادے شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم کی چمچماتی گاڑی پر ایک پرندے نے گھونسلا بنا دیا جس پر شہزادے نے حکم جاری کیا کہ کوئی اس گاڑی کے قریب نہیں جائے گا تاکہ پرندہ بے سکون محسوس نہ کرے۔
تفصیلات کے مطابق د بئی کے شہزادے حمدان بن محمد نے اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ایک مرسیڈیز ایس یو وی کار کے بونٹ اور ونڈ شیلڈ کے درمیان والی جگہ پر ایک پرندہ گھونسلا بنا کر بیٹھا تھا اور انڈے بھی دے رکھے تھے، یہ گاڑی دبئی میں شہزادے کی رہائش گاہ پر کھڑی تھی۔جب شیخ حمدان کو اس بات کا پتا چلا تو انہوں نے حکم جاری کر دیا کہ پرندے کی محنت اور انڈوں کو نقصان سے بچانے کے لیے اس گاڑی کا استعمال کچھ عرصہ تک بالکل بھی نہیں کیا جائے گا۔اس مقصد کے لیے انہوں نے اپنی اس لگژری گاڑی کے اردگرد سرخ فیتہ لگوادیا تاکہ کوئی ڈرائیور غلطی سے بھی گاڑی چلانے کی کوشش نہ کرے۔اس ویڈیو میں جسے شیخ حمدان نے دور کھڑے ہوکر زوم ان کرکے بنایا دیکھا جاسکتا ہے کہ گاڑی کے قریب کسی کو آنے سے روکنے کیلئے اس کے اردگر سفید اور لال فیتے کا حصار بنایا گیا ہے اور شہزادے کے محل کے تمام ملازمین کو ہدایات دی گئی ہیں کہ اس جگہ سے دور رہا جائے تاکہ پرندے کو بے آرام ہونے سے بچایا جاسکے۔