اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی ادارہ صحت کا کورونا وائرس سے متعلق تشویشناک حقائق سے آگاہ کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ اس وائرس سے کبھی چھٹکارا حاصل نہ کیا جا سکے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈبلیو ایچ او کے ایمرجنسیز کے ڈائریکٹر مائیک رائن نے جنیوا سے ورچوئل پریس کانفرنس میں کورونا سے متعلق بتایا ہے کہ ہو سکتا ہے یہ وائرس ہمارے معاشرے میں ایک اینڈیمک بن جائے اور ہمیشہ موجود رہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کوئی بھی فرد وثوق سے نہیں کہہ سکتا کہ اس وائرس کا خاتمہ کب تک ممکن ہے۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں بتایا کہ اس وباء کے خاتمے کے لیے کوئی عہد نہیں کیا جا سکتا نہ ہی کوئی وقت بتایا جا سکتا ہے۔مائیک رائن کے مطابق کورونا وائرس بھی ایچ آئی وی کی طرح اینڈیمک بن سکتا ہے، انہوں نے بتایا کہ ایچ آئی وی ختم نہیں ہوا ہے مگر ہم نے اس وائرس کا مقابلہ کرنا سیکھ لیا ہے، ہو سکتا ہے ایچ آئی وی کی طرح کورونا بھی کبھی ختم نہ ہو۔ انہوں نے اس حقیقت سے بھی آگاہ کیا کہ اگر کورونا کی ویکسین تیار نہیں ہوتی تو لوگوں میں اس وائرس کے خلاف قوت مدافعت درکار سطح تک آنے میں کئی سال لگ سکتے ہیں۔